پی ٹی آئی کے وزراء بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ،ان کو مستقبل میں اپنی شکست واضح نظر آ رہی ہے،سردار حسین بابک

پیر 22 جنوری 2018 20:32

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے وزیر اعلیٰ اور دیگر وزراء بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور مستقبل میں انہیں اپنی شکست واضح نظر آ رہی ہے ، پرویز خٹک اور صوبائی وزراء کی جانب سے ملی قائد اسفندیار ولی خان اور اے این پی کے خلاف ہرزہ سرائی کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین اے این پی کی مضبوطی اور مقبولیت سے حواس باختہ ہو چکے ہیں اور اپنے کاموں پر توجہ دینے کی بجائے صبح شام اے این پی پر الزامات کی بوچھاڑ کر کے اپنی سیاست چمکانے میں مصروف ہیں ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ کو مشورہ دیا کہ پی ٹی آئی کا نام تبدیل کر کے تحریک الزام رکھ لیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ تحریک انصاف کے لیڈر سے لے کر کارکن تک سب برداشت،احترام اور شائستگی سے محروم ہیں ، آئندہ الیکشن میں انہیں نظر آنے والی شکست کی وجہ سے ذہنی تذبذب کا شکار ہو چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

سردار حسین بابک نے کہا کہ سیاست اور سیاسی تاریخ سے نابلد اور بے خبر وزراء تاریخ کا مطالعہ کریں تو انہیں اے این پی کی تاریخ کی اہمیت کا پتہ چل جائے گا ، اے این پی ایک تحریک اور تاریخی تسلسل کا نام ہے ،یہ واحد سیاسی جماعت ہے جس کی تاریخ قربانیوں اور اپنی قوم کی خدمت سے بھری پڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج جس آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں وہ باچا خان بابا کی قربانیوں کا نتیجہ ہے ،اے این پی سیاست ، خدمت ،برداشت ، احترام اور شائستگی کا نام ہے ، پی ٹی آئی کے وزراء اور ممبران کو سیاسی تربیت کی ضرورت ہے ،تاہم انہیں قصور وار اس لئے بھی نہیں ٹہرایا جا سکتاکیونکہ یہ صرف حادثے کی پیداوار ہیں اور جو کچھ ان کا لیڈر انہیں سکھا رہا ہے وہ صرف اسی پر عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے تمام وزراء کو مشورہ دیا کہ اے این پی کے خلاف زہر اگلنے کی بجائے ارد گرد نظر رکھیں اور گالم گلوچ و الزامات کا سلسلہ ختم کر کے اپنے لئے ایک مہذب اور باشعور ذہن کی آبیاری کریں۔