ماورائے عدالت قتل کیے گئے نقیب اللہ محسود کے اہل خانہ پولیس کی حفاظت میں کراچی پہنچ گئے ہیں

نقیب محسود کی اپنے بیٹے کو فوج میں بھیجنے کی خواہش تھی، نقیب اللہ کاغم پورے ملک کا غم ہے، نقیب اللہ محسود کے لیے انصاف چاہیے، والد خان محمد

پیر 22 جنوری 2018 20:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) ماورائے عدالت قتل کیے گئے نقیب اللہ محسود کے اہل خانہ پولیس کی حفاظت میں کراچی پہنچ گئے ہیں۔نقیب کے اہل خانہ سہراب گوٹھ پہنچے جہاں محسود قبیلے کے جرگے نے کیمپ لگایا ہوا ہے۔اس موقع پر مقتول کے والد خان محمد نے کہا کہ نقیب محسود کی اپنے بیٹے کو فوج میں بھیجنے کی خواہش تھی۔ نقیب اللہ کاغم پورے ملک کا غم ہے، وہ کہتا تھا کہ میرے مرنے پر 20 کروڑ عوام روئیں گے۔

والد خان محمد نے معاملے پر ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نقیب اللہ محسود کے لیے انصاف چاہیے۔اس سے قبل نقیب اللہ کے والد نے ڈیرہ اسماعیل خان سے کراچی روانگی کے دوران میڈیا سے گفتگو میں چیف جسٹس، آرمی چیف اور وزیر اعظم سے قاتل کو سزا دینے کی اپیل کی تھی۔

(جاری ہے)

نقیب اللہ کے بھائی فرید اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر نقیب کے پاس 70 لاکھ روپے ہوتے تووہ دبئی کیوں جاتا باپ مزدوری کیوں کرتا نقیب نے والد سے محبت کی وجہ سے نسیم اللہ کے نام سے شناختی کارڈ بنوایا تھا۔

یاد رہے کہ رئوا ا نوار نے 27 سالہ نوجوان نقیب اللہ محسود کو 13 جنوری کو کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹائون میں ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقتول کا تعلق دہشت گرد تنظیم سے تھا۔تاہم نقیب کے اہلخانہ نے رائو انوار کے پولیس مقابلے کو جعلی قرار دے دیا تھا جس کے بعد نقیب کی ہلاکت کے خلاف مظاہرے کیے گئے اور چیف جسٹس پاکستان نے بھی اس معاملے کا از خود نوٹس لیا۔

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے سہراب گوٹھ میں نقیب محسود کے ماوورائے عدالت قتل کے خلاف پختون گریڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رائو انوار پر بہت سارے بے گناہ افراد کا خون ہے، سب سے انصاف کیا جائے ۔ نقیب محسود کے قتل کے بعد اب کوئی ماورائے عدالت قتل نہیں ہونے دیں گے ۔ را ئوانوار پوری ٹیم کے ساتھ پلان بنا کر بے گناہ لوگوں کے قتل میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ غریبوں کی آواز بلند کی ہے اور کرتی رہے گی۔ رائو انوار کو اس کے گناہوں کی سزا ضرور ملے گے، اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے ۔ بے گناہ لوگوں کا خون رائیگاں جانے نہیں دیں گے، سب کا حساب لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نقیب محسود بے گناہ تھا اس کو پختون اور محسود ہونے پر رائو انوار نے پلان بنا کر قتل کیا ۔ پختون گریڈ جرگہ میں سینکڑوں کی تعداد میں عوام کی شرکت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :