بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترقیاتی اور تعمیری سرگرمیوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنے میں میڈیا کے محکمے کو فعال کردار ادا کرنا چاہئے ہی, وسیم اختر

سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا سے بھی رابطے کو موثر بنایا جائے،میئر کراچی

پیر 22 جنوری 2018 20:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ابلاغ عامہ کا کسی بھی ادارے کو موثر اور معتبر بنانے میں کلیدی کردار ہے لہٰذا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترقیاتی اور تعمیری سرگرمیوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنے میں میڈیا کے محکمے کو اپنا اہم اور فعال کردار ادا کرنا چاہئے جس سے نہ صرف شہریوں میں ادارے کا امیج بہتر رہتا ہے بلکہ انہیں شہری خدمات اور منصوبوں کے متعلق بھی مسلسل معلومات مہیا ہوتی رہتی ہیں، سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا سے بھی رابطے کو موثر بنایا جائے اور خبروں اور تصاویر کی بروقت ترسیل کے ذریعے میڈیا کے اداروں میں کے ایم سی ایونٹس کی زیادہ سے زیادہ کوریج یقینی بنائی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی کونسل کی میڈیا مینجمنٹ کمیٹی اور میڈیا افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، چیئرمین اراضیات کمیٹی سید ارشد حسن، میڈیا مینجمنٹ کمیٹی کی چیئرپرسن صبحین غوری، سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد، ڈائریکٹر وہیکل فرید تاجک ، کنسلٹنٹ آئی ٹی دانیال احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد نے محکمے سے متعلق میئر کراچی وسیم اختر کو تفصیلی بریفنگ دی اور درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ شعبہ تعلقات عامہ یا پبلک ریلیشنز ڈپارٹمنٹ کی اہمیت اور افادیت ہر جگہ محسوس کی جاتی ہے اور حکومتیں اور ادارے اس شعبے میں تعلیم یافتہ و پیشہ ور ماہرین کی خدمات حاصل کرتے ہیںخاص طور پر شہری خدمات سے متعلق اداروں میں اس کی اہمیت دوچند ہوجاتی ہے کیونکہ ان اداروں کا عوام الناس سے براہ راست تعلق ہوتا ہے اور ان کے روزمرہ مسائل انہی اداروں کے ذریعے حل کئے جاتے ہیں لہٰذا بلدیاتی اداروں میں میڈیا ڈپارٹمنٹ کا انتہائی اہم کردار ہے اور تمام میڈیا کے ادارے شعبہ بلدیات سے متعلق سرگرمیوں اور معلومات کے لئے اسی محکمے سے رجوع کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میڈیا کے افسران ، صحافی برادری کے ساتھ مسلسل اور قریبی تعلق برقراررکھیں اور ہرممکن کوشش کی جائے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترقیاتی سرگرمیوں سے متعلق تمام تر معلومات بروقت اور موثر انداز میں میڈیا کے ذریعے شہریوں تک پہنچائی جاسکیں،انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی کے بعد اس شعبے کے کام میں خاطر خواہ اضافہ ہوچکا ہے لہٰذا اس شعبہ کے کارکنان و افسران کو درجنوں الیکٹرونک چینلز کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی 24 گھنٹے متحرک رہنا چاہئے اور اپنے کام میں زیادہ سے زیادہ مہارت کے حصول کی کوششیں جاری رکھنا چاہئیں، میئر کراچی نے افسران پر زور دیا کہ ذرائع ابلاغ کے ساتھ رابطے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جائے اور اس شعبے میں نت نئی ایجادات پر نگاہ رکھی جائے انہوں نے کہا کہ کمپیوٹر کے ساتھ ساتھ دیگر الیکٹرونک آلات بھی میڈیا کے اداروں میں کامیابی کے ساتھ استعمال ہو رہے ہیں لہٰذا ایسی حکمت عملی اپنائی جائے کہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے میڈیا پارٹمنٹ کو زیادہ سے زیادہ طاقتور اور موثر بنایا جاسکے انہوں نے کہا کہ میڈیا کا محکمہ کسی بھی ادارے کا ترجمان ہوتا ہے اور شہریوں کے ساتھ ساتھ میڈیا کے اداروں میں بھی یہی محکمہ ادارے کی ترجمانی کا فریضہ انجام دیتا ہے اس لئے ضرورت اس با ت کی ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں میڈیا سے وابستہ افسران اپنا کام احسن طریقے سے انجام دیں تاکہ شہریوں میں ادارے کا امیج بہتر ہو اور وہ اس پر اعتماد کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :