خیبرپختونخوااسمبلی،زرگل نے بھی پارلیمنٹ پرلعنت بھیج دی ، اپوزیشن جماعتیں سیخ پا، سپیکرڈیسک کا گھیرائوکرلیا،گالم گلوچ کرنے والوں پرلعنت بھیجتے ہیں،اپوزیشن اراکین

پیر 22 جنوری 2018 20:24

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) خیبرپختونخوااسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن زرگل نے بھی پارلیمنٹ پرلعنت بھیج دی جس پر اپوزیشن اراکین نے ایوان میں سپیکرکے ڈیسک کاگھیرائوکرتے ہوئے تحریک انصاف کے خلاف شدیدنعرہ بازی کی۔صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر سرداراورنگزیب نلہوٹھانے نکتہ اعتراض پر کہاکہ عمران خان نے پارلیمنٹ پر لعنت بھیج کر بیس کروڑعوام کی نماندوں کی توہین کی ہے یہاں پر پورے ملک کیلئے قانون بنائے جاتے ہیں لیکن عمران خان اس کوبے توقیرکررہے ہیں تینوں صوبائی اورقومی اسمبلی میں عمران خان کے اس بیان کی مذمتی قراردادمنظورکی جاچکی ہے اس لئے صوبائی اسمبلی میں بھی اس متعلق قراردادپیش کرنے کی اجازت دی جائے سپیکرکے کہنے پر کوہستان سے منتخب پی ٹی آئی کے رکن زرگل نے کہاکہ جوایوان ختم نبوت کے قانون کو منظورکرے ایسے ایوان پر لعنت ہی بھیجنی چاہئے اورہم بھی لعنت بھیجتے ہیں یہ کہتے ہی ایوان مچھلی منڈی میں تبدیل ہوگیا مسلم لیگ ن ،جے یوآئی،پیپلزپارٹی اور قومی وطن پارٹی کے اراکین اسمبلی تحریک انصاف کے رکن اسمبلی کے خلاف بولنے لگے اپوزیشن اراکین نے سپیکرکے ڈیسک کاگھیرائوکیا اورعمران خان سمیت صوبائی اسمبلی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اس موقع پر جے یوآئی کے محمودبیٹنی نے کہاکہ اس ایوان میں بیٹھ کر اسی ایوان پر جولعنت بھیجتے ہیں اس کی مثال ایسی ہے کہ جس تالی میں کھائے اسی میں چھید کرے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں کان پڑی آوازسنائی نہیں دے رہی تھی سپیکر نے بعدازاں ایوان کے متعلق زرگل کے الفاظ کو کارروائی سے حذف کیا۔

(جاری ہے)

اسمبلی ہال کے باہرمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے ن لیگ کے پارلیمانی لیڈر اورنگزیب نلہوٹھانے کہاکہ کسی کو ایوان کی بے عزتی نہیں کرنے دینگے عوامی نمائندوں کو بھیج کرعوام اپنے مسائل کاحل ڈھونڈتے ہیں دھرناپارٹی صرف احتجاج اور گالم گلوچ کی سیاست جانتی ہے اس لئے جو ایوان پرلعنت بھیج رہے ہیں ہم ان گالم گلوچ والوں پر لعنت بھیجتے ہیں ،قومی وطن پارٹی کی انیسہ زیب طاہرخیلی نے کہاکہ پارلیمنٹ ہائوس آئین کی رو سے سب سے سپریم ادار ہ ہے جو کوئی اس ادارے کی بے عزتی کریگاہم اس کے خلاف کھڑے ہونگے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اپنے قائد کے گالم گلوچ کو قانونی سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کسی کو ایوان کی بے عزتی نہیں کرنے دینگے۔

متعلقہ عنوان :