فریضہ حج کی ادائیگی ہر مسلمان کے لئے باعث سعادت ہے ،میئرکراچی

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس سال اپنے ملازمین کے لئے حج کی قرعہ اندازی میں صنفی مساوات یقینی بناتے ہوئے خواتین ملازمین کیلئے علیحدہ سے حج کی قرعہ اندازی کا انتظام کیا ہے، وسیم اختر

پیر 22 جنوری 2018 20:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی ہر مسلمان کے لئے باعث سعادت ہے ، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس سال اپنے ملازمین کے لئے حج کی قرعہ اندازی میں صنفی مساوات یقینی بناتے ہوئے خواتین ملازمین کے لئے علیحدہ سے حج کی قرعہ اندازی کا انتظام کیا ہے تاکہ قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے ملازمین اگر کسی وجہ سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے نہ جاسکیں تو ویٹنگ لسٹ میں سے خواتین ملازمین کو حج کے لئے بھیجا جاسکے، ریگولر قرعہ اندازی میں خواتین کی کم درخواستیں موصول ہونے کے سبب انہیں حج پر جانے کا موقع نہیں مل سکا تھا تاہم انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے خصوصی اقدام کے طور پر ویٹنگ لسٹ کی قرعہ اندازی میں صرف خواتین کو موقع دیا گیا، آئندہ سال مزید ایسے اقدامات کئے جائیں گے جن سے مرد ملازمین کے ساتھ ساتھ خواتین افسران و دیگر اہلکاروں کو بھی زیادہ سے زیادہ تعداد میں فریضہ حج کی ادائیگی کا موقع مل سکے، یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں سال2018 ء کے لئے حج کی قرعہ اندازی کے سلسلے میں خصوصی طور پر خواتین ملازمین کے نام ویٹنگ لسٹ میں نکالنے کے موقع پر کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، چیئرمین اراضیات کمیٹی سید ارشد حسن، ڈائریکٹر مذہبی و اقلیتی امور وسیم باقری اور دیگر افسران بھی موجود تھے، قرعہ اندازی میں ویٹنگ لسٹ کے لئے پانچ خواتین کے نام نکالے گئے جنہیں گزشتہ قرعہ اندازی میں منتخب قرار پانے والے ملازمین میں سے کسی کے بھی بوجوہ حج کے لئے نہ جانے پر بطور متبادل نامزد کیا جائے گا، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں حج بیت اللہ کی ویٹنگ لسٹ قرعہ اندازی میں پہلی بار خواتین کو موقع فراہم کیا گیا ہے جس کا اعلان میئر کراچی وسیم اختر نے حج کے لئے سالانہ ریگولر قرعہ اندازی کی تقریب کے دوران کیا تھاتاکہ خواتین افسران اور دیگر اہلکاروں کو بھی مرد ملازمین کی طرح یکساں مواقع فراہم کئے جاسکیں، میئر کراچی نے اس موقع پر ویٹنگ لسٹ میں منتخب ہونے والی خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں خوش قسمتی سے حج کی سعادت کا موقع دستیاب ہو تو وہ حرم شریف میں اپنے ملک، شہر اور ادارے کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کریں اور یہ دعا بھی کریں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے، انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان کے لئے حج بیت اللہ سے بڑھ کر سعادت اور نہیں ہوسکتی اسی وجہ سے سبھی مسلمانوں کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار ضرور خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ؐ کی زیارت کا شرف حاصل کریں اور وہ اس کے لئے کوششیں بھی کرتے ہیں تاہم بعض لوگوں کو اس کا موقع مل جاتا ہے اور بہت سے آئندہ سال کا انتظار کرتے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ہر سال اپنے ملازمین کو حج بیت اللہ کی سعادت پر بھیجنے کی روایت آئندہ بھی برقرار رہے گی بلکہ حج کی قرعہ اندازی کے طریقہ کار میں مزید مثبت اور بہتر تبدیلیاں کی جائیں گی جن کے ذریعے بلدیہ عظمیٰ کراچی اس شعبے میں بھی اپنے ملازمین کے لئے صنفی مساوات کی روشن مثال قائم کرے گی، امید ہے کہ حج بیت اللہ کیلئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کا جانا ادارے ، شہر اور ملک کے لئے باعث برکت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :