Live Updates

سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، شیخ رشید کے خلاف قرار داد مذمت اتفاق رائے سے منظور

پیر 22 جنوری 2018 20:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) سندھ اسمبلی نے پیر کو تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف قرار داد مذمت اتفاق رائے سے منظور کر لی ۔ یہ قرار داد عمران خان اور شیخ رشید کے پارلیمنٹ کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس پر منظور کی گئی ۔ قرار داد پیپلز پارٹی کی خاتون رکن غزالہ سیال اور ایم کیو ایم کے رکن ظفر کمالی نے پیش کی تھی ۔

(جاری ہے)

قرار داد میں عمران خان اور شیخ رشید کے پارلیمنٹ کے بارے میں ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ وہ قوم سے معافی مانگیں ۔ سندھ اسمبلی کے ایوان میں عمران خان اور شیخ رشید کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔ قرارداد پر خطاب میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے ارکان نے عمران خان اور شیخ رشید کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے مطابق انہیں تاحیات نااہل قرار دینے اور ان کی سیاسی جماعتوں کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات