گورنر سندھ محمد زبیر سے زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے وائس چانسلر کی ملاقا ت

پیر 22 جنوری 2018 20:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ ، قومی تقاضوں ، علمی ضروریات ، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب کی تیاری اور تحقیق کے لئے طالب علموں کو سہولیات کی فراہمی میں جامعات کلیدی اور فعال کردار ادا کررہی ہیں ، اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے ہی عصر حاضر میں مقابلہ کی دوڑ میں شامل اور ملکی ترقی و خوشحالی یقینی ہے اس ضمن میں ٹنڈو جام ایگری کلچر یونیورسٹی اہم خدمات انجام دے رہی ہے۔

پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں ایگری کلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام کے وائس چانسلر مجیب الدین میمن صحرائی سے ملاقا ت میں کیا۔ ملاقات میںصوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں ایگری کلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام کے فعال کردار، نصاب کی تیاری ، تحقیق ، اساتذہ ،لیکچرارز اور پروفیسرز کی تربیت، جامعات کے مسائل اور درپیش مشکلات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے کہا کہ صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں وفاق بھرپور تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہا ہے ، جامعات کے فعال کردار یقینی بنانے کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی ، جامعات میں طالب علموں کو نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے تھر میں زراعت کے فروغ کے لئے زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام اور چین کی زرعی یونیورسٹیز کے مابین تعاون کے آغاز کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعہ تھر کے صحرائی علاقہ میں وہاں کے موسم اور زمین کے مطابق فصلوں کی کاشت میں مدد کے ساتھ ساتھ تھر کے مکینوںکو اپنی معاشی حالت بہتر بنانے کا موقع بھی ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے ذریعہ طالب علموں کو جدید دو ر کی سہولیات فراہمی کے مثبت نتائج برآمد ہونے پر لیپ ٹاپ تقسیم کا دائرہ کار مزید بڑھادیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طالب علم سہولیات سے بھرپور استفادہ حاصل کرسکیں، نوجوانوں کو ہر علمی ضروریات کے مطابق تعلیم اور سہولیات کی فراہمی سے مطلوبہ نتائج کا حصول یقینی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ معاشی خوشحال پاکستان میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے اس ضمن میں جامعات فعال کردار اور ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم ثابت ہورہی ہے ، سندھ ایک زرعی صوبہ ہے زراعت سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے جدید دور کی ٹیکنالوجی کے حصول اور موئثر انداز میں کام کے لئے جامعہ ایگری کلچر کے فارغ التحصیل طالب علم اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔

ملاقات میں وائس چانسلر نے گورنر سندھ کو یونیورسٹی میں درس و تدریس ، تحقیق اور مختلف شعبوں سے متعلق تفصیل سے بتاتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ کے فعال کردار میں جامعہ کے فارغ التحصیل طالب علم معاون ثابت ہور ہے ہیں لیکن ملکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعہ میں اہم اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں اس ضمن میں وفاقی حکومت کے تعاون مدد ثابت ہورہا ہے ۔انہوں نے گورنر سندھ کو جامعہ کے دورہ کی دعوت بھی دی جسے گورنر سندھ نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد ایگری کلچر یونیورسٹی کا دورہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :