Live Updates

عمران خان نے وطن عزیز کو دنیا بھر میں تماشہ بنا کر ملکی وقار کو شدید نقصان پہنچایا ہے‘ مولانا گوہر شاہ

پیر 22 جنوری 2018 20:05

چارسدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) رکن قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ نے کہا ہے کہ جے یو آئی(ف) پارلیمنٹ کے اندر اور باہر نفاذ اسلام کیلئے عملی جدو جہد کر رہی ہے ‘ عوام اسلام پسند قوتوں کو کامیاب کرکے شریعت محمدی کا راستہ ہموار کریں ‘ترقیاتی منصوبے عوام پر کوئی احسان نہیںبلکہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے عوام پر خرچ کئے جا رہے ہیں ‘یہود وہنود کے ایجنٹ وطن عزیز میںعریانی و فخاشی پھیلا رہے ہیں ۔

وہ پیر کے روز محمد ناڑی آرٹ کلے ، توت کلے ، سونی آباد ، پینرک کلے ، انعام کلے ، واپڈا کورونہ ، نخو کلے ،امیر خان کلے ،شیخ کلے ، عظیم خان پل اور سکڑ میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقاریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر حاجی دانشمند ، مولانا جمیل احمد ،حاجی لعل محمد ، عارف خان اور پارٹی کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی مولانا گوہر شاہ نے مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہود وہنود کے ایجنٹوں کو آئندہ عام انتخابات میں عبرت ناک شکست سے دو چار کیا جائیگا‘ پاکستانی قوم نے خیبر پختونخوا میں تبدیلی کے دعویداروں کی اصلیت دیکھ لی ہے‘ بلندوبانگ دعوئوں اور نعروں پر ووٹ لینے والی تحریک انصاف نے عوام کو مایوسی کے سواء کچھ نہیں دیا ۔

انہوںنے کہاکہ تخت اسلام آباد اور تخت لاہور کے حصول کیلئے عمران خان نے وطن عزیز کو دنیا بھر میں تماشہ بنا کر ملکی وقار کو شدید نقصان پہنچایا ہے ۔ انہوںنے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ عام انتخابات میں اسلام پسند قوتوں کو ووٹ دیکر شریعت محمدی کا راستہ ہموار کریں ۔ مولانا سید گوہر شاہ نے واضح کیا کہ ترقیاتی کام عوام پر کوئی احسان نہیں بلکہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے عوام پر خر چ کئے جا رہے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :