خیبرپختونخوا اورفاٹامیں امن وامان بحال ہوچکاہے ،نجینئراقبال ظفرجھگڑا

قبائلی علاقہ جات سے نقل مکانی کرنے والے قبائل اپنے آبائی علاقوں میں واپس آچکے ہیں،تعمیرنواوربحالی سمیت ان کے مستقبل کے حوالے سے بھی اہم فیصلے ہورہے ہیں،گورنرخیبرپختونخوا کا تقریب سے خطاب

پیر 22 جنوری 2018 20:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2018ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا اورفاٹامیں امن وامان بحال ہوچکاہے اور پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ قبائلی علاقہ جات سے نقل مکانی کرنے والے قبائل اپنے آبائی علاقوں میں واپس آچکے ہیں اور تعمیرنواوربحالی سمیت ان کے مستقبل کے حوالے سے بھی اہم فیصلے ہورہے ہیں اوران اقدامات سے معاشی سرگرمیوں پربھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پیر کے روز خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی نومنتخب کابینہ کے عہدیداروں کے اعزاز میںدیے گئے ظہرانے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں خیبرپختونخواچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدرزاہداللہ شنواری، یونائیٹڈبزنس گروپ کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر، یونائیٹڈبزنس گروپ کے چیئرمین افتخارعلی ،سینیٹرالیاس احمدبلور، ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب صدر غضنفربلور اورتاجربرادری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مخلصانہ کوششوں کے نتیجے میں سی پیک منصوبہ شروع کیا گیا ہے اور اس سے ملک میں بے روزگاری کے مسئلے پر قابوپایاجاسکے گا ، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اوردیرپابنیادوں پر ملک کی خوشحالی اور استحکام ممکن ہوسکے گا۔انہوں نے مزید واضح کیا کہ اگرہم بحیثیت قوم دستیاب وسائل کا احسن طریقے سے استعمال ممکن بنانے میں کامیاب ہوجائیں تو نہ صرف خیبر پختونخوا اور فاٹا بلکہ پورے ملک کی معیشت کو مضبوط بنا یا جا سکتا ہے۔

گورنرنے اس موقع پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزآف کامرس اینڈانڈسٹری کے نومنتخب صدر غضنفربلور اور دیگرعہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور اپنی جانب سے ادارے کے ساتھ ہرمیدان میںمکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بزنس کمیونٹی نے غضنفربلور پر جس اعتماد کااظہارکیاہے وہ اس پرپورا اتریں گے۔ #

متعلقہ عنوان :