اسلام آباد، عرفان صدیقی کا جدید کمپیوٹرائزڈ بریل پرنٹنگ مشین کا افتتاح

پاکستان میں کتاب کلچر کے فروغ میں این بی ایف نمایاں کام انجام دے رہا ہے،مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ

پیر 22 جنوری 2018 20:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2018ء) نیشنل بک فائونڈیشن کراچی کے ریجنل آفس میں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن حکومت پاکستان عرفان صدیقی کے ہاتھوں جدید کمپیوٹرائزڈ بریل پرنٹنگ مشین کا افتتاح ہوا جس سے بصارت سے محروم افراد کے لیے کتابوں کی طباعت میں تیزی آئے گی۔ پاکستان میں کتاب کلچر کے فروغ میں این بی ایف نمایاں کام انجام دے رہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق این بی ایف کراچی کے ریجنل آفس میں نئی کمپیوٹرائزڈ بریل پرنٹنگ مشین کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی تھے ۔ تقریب سے وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ ادبی ورثہ انجینئر عامر حسن ، ایم ڈی نیشنل بک فائونڈیشن ڈاکٹر انعام الحق جاوید ، ممتاز ماہر تعلیم پیرزادہ قاسم رضا صدیقی ، ممتاز محقق مبین مرزا، پاکستان ایسوسی ایشن آف بلائنڈ کے مرکزی سیکرٹری فنانس عامر اشرف نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

نظامت کے فرائض سینئر صحافی شاعر حنیف عابد نے انجام دیئے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این بی ایف کے کراچی مرکز کو پاکستان کا سب سے بڑا بریل کتابوں کی اشاعت کا ادارہ بنائیں گے ۔ آج جس کمپیوٹرائزڈ سیشن کا افتتاح ہوا ہے یہ ترقی کے ایک نئے سفر کا نقطہٴ آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بریل کتابوں کی اشاعت کے کام کو مزید آگے بڑھانے کے لیے ساڑھے تین کروڑ روپے کا منصوبہ منظور ہو چکا ہے اور جلد ہی این بی ایف کو یہ مشین فراہم کردی جائے گی ۔

این بی ایف نے گزشتہ سال 106نئی کتابیں شائع کیں جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ہر تین دن کے بعد ایک کتاب شائع ہو رہی ہے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ کتابوں کی فروخت کے حوالے سے بھی این بی ایف کی کارکردگی مثالی ہے۔ گزشتہ سال 34کروڑ روپے کی کتابیں نیشنل بک فائونڈیشن کی طرف سے فروخت کی گئیں جو ایک ریکارڈ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بصارت سے محروم افراد کے مسائل ہر سطح پر حل کریں گے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ انجینئر عامر حسن نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اداروں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کے بجائے انہیں سہولتیں فراہم کی جائیں۔ این بی ایف سمیت 12ادارے وزارت کے تحت آئے ہیں ۔ ہر ادارے میں ترقی کے نئے سفر کا آغاز ہوا ہے ۔ این بی ایف میں نئی کمپیوٹرائزڈ بریل کا افتتاح اس سلسلے کی کڑی ہے ۔

انہوں نے بصارت سے محروم افراد کو یقین دہانی کرئی کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این بی ایف کے ایم ڈی ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے کہا کہ نیشنل بک فائونڈیشن گزشتہ 36سالوں سے بصارت سے محروم افراد کے لیے کتب شائع کر رہا ہے ۔ قدیم طباعت کے طریقے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور 36برس پرانی کوششیں تقریباً ناکام ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے بریل کتابیں تیز رفتاری کے ساتھ شائع نہیں ہو رہی تھیں۔

آج جدید کمپیوٹرائزڈ مشین کے افتتاح کے بعد یہ رفتار بہت تیز ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا این بی ایف کا یہ اعزاز ہے کہ وہ مکمل قرآن مجید اور اردو ترجمے والا قرآن مجید ، بریل کتب کی صورت میں شائع کرتا ہے انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں این بی ایف کتابیں بھارت، بنگلہ دیش ، سری لنکا ، سعودی عرب سمیت دیگر مسلم ممالک میں 51سفارت خانوں کے ذریعے بھیجی جاتی ہیں۔

ا س موقع پر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے اعلان کیا کہ جلد ہی کراچی میں این بی ایف کی جانب سے کتب میلے آغاز کیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز ماہر تعلیم و سابق وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے کہا کہ اداروں کی کارکردگی شخصیات کی وجہ سے بہتر یا ابتر ہو جاتی ہے۔ این بی ایف نے ڈاکٹر انعام الحق جاوید کی سربراہی میں اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان ایسوسی ایشن آف بلائنڈ کے فنانس سیکرٹری عامر اشرف نے خطاب کرتے ہوئے جدید کمپیوٹرائزڈ مشین کی تنصیب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے بریل کتابوں کی طباعت میں انقلابی قدم قرار دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز محقق مبین مرزا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتاب سے جُڑنے والے معاشرے کبھی تباہ نہیں ہوتے۔ این بی ایف پاکستان میں کتب بینی کو فروغ دینے میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے ۔ تقریب کے افتتاح پر وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے شعبہ بریل سے تعلق رکھنے والے کارکنان ثمینہ رحمان ، محمد فیصل اور عامر ایاز کو توصیفی اسناد عطا کیں۔ ۔۔۔

متعلقہ عنوان :