سینٹ اجلاس ،اراکین نے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو ماحولیاتی آلودتی کا بڑا سبب اور پانی کے ذخائر کے لئے خطرہ قرار دیا

کوئلے کی بجائے ہوا پانی اور شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے مصوبوں پر زور پا کستان میں لگائے جانیو الے کوئلے کے پلانٹس جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل ہیں جو آلودگی کو کم سے کم کرتے ہیں ، احسن اقبال

پیر 22 جنوری 2018 20:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2018ء) اراکین سینٹ نے ملک میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو ماحولیاتی آلودتی کا بڑا سبب اور پانی کے ذخائر کے لئے بہت بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کوئلے کی بجائے ہوا پانی اور شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے مصوبوں پر زور دیا ہے۔ سوموار کے روز ایوان بالا میں سینیٹر موخر شدہ تحریک پر بات کرتے ہوئے سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدین نے کہا کہ ملک کے سر سبز علاقوں میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جس سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کوئلے سے چلنے والے پلانٹس کو پانی کی بہت زیادہ ضرورت ہوتی ہے جبکہ ہمارے ملک میں پانی کی پہلے سے قلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی بجائے ہوا، پانی اور شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کی طرف توجہ دینی ہو گی۔

(جاری ہے)

سینیٹر محسن لغاری نے کہا کہ کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے میں پانی کا بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے اور اس کے لئے زرعی علاقوں سے پانی استعمال کیا جاتا ہے جس سے ہماری فصلوں کو بہت نقصان پہنچے گا۔

تحریک کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیات مشاہد اللہ نے کہا کہ پوری دنیا میں کوئلے کے استعمال سے بہت زیادہ تباہ کاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اردگرد ممالک میں کوئلے کے زیادہ استعمال کی تباہ کاریاں پاکستان پر آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کئے ہیں اور اس میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جات اہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کوئلے کے استعمال کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے اور اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پا کستان میں لگائے جانیو الے کوئلے کے پلانٹس جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل ہیں جو آلودگی کو کم سے کم کرتی ہے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آج بھی کوئلے کو توانائی حاصل کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ گھر کے کوئلے سے اگلے 6سو سالوں تک بجلی بنائی جا سکتی ہے۔۔