سندھ اسمبلی میں پانی کے معاملے پر بحث اسمبلی کے آئندہ اجلاس تک موخر کر دی گئی

پیر 22 جنوری 2018 19:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) سندھ اسمبلی میں پانی کے معاملے پر بحث اسمبلی کے آئندہ اجلاس تک موخر کر دی گئی ۔ پیر کو سندھ اسمبلی میں سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو کی پانی کے معاملے پر تحریک پر بحث کی باری آئی تو اس وقت سہ پہر کے تین بج چکے تھے ۔ نثار احمد کھوڑو نے اسپیکر سے کہاکہ یہ بہت اہم مسئلہ ہے ۔ سندھ کو اس کے حصے کا پانی کم مل رہا ہے ۔

انڈس ریور سسٹم اتھارٹی ( ارسا ) کی طرف سے سندھ کو کم پانی دیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاؤن اسٹریم کوٹڑی پانی نہ ہونے کی وجہ سے انڈس ڈیلٹا تباہ ہو رہا ہے اور زیریں سندھ کے لوگ بہت پریشان ہیں ۔ سندھ میں زیر زمین پانی کھارا ہو رہا ہے ۔ ان تمام معاملات پر بحث میں سب ارکان اسمبلی حصہ لینا چاہتے ہیں ۔ اب وقت زیادہ ہو گیا ہے ۔ لہذا اس تحریک پر بحث اسمبلی کے آئندہ اجلاس تک موخر کی جائے ۔ ایوان نے اس بات کی منظوری دے دی ۔ اجلاس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء کراچی ( ترمیمی ) بل پر غور بھی اسمبلی کے آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا گیا ۔ اسپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا۔

متعلقہ عنوان :