پیشہ ور اورعادی بھکاریوں کے خلاف آپریشن ،18گداگروں کو تحویل میں لیا گیا

پیر 22 جنوری 2018 19:42

فیصل آباد۔22جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء)سٹی ٹریفک پولیس،سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اورچائلڈ پروٹیکشن بیورو کے اشتراک سے انسداد گداگری مہم پر نئے انتظامات کے تحت عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے تاکہ اس سماجی برائی پر قابو پانے کے لئے محکمانہ اقدامات کو نتیجہ خیز بنایا جاسکے۔اس ضمن میں پیشہ ور اورعادی بھکاریوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا جس کی نگرانی سی ٹی او حسنین حیدر،ایم پی اے ڈاکٹرنجمہ افضل،سوشل ویلفیئر آفیسر/انچارج نگہبان سنٹرریحانہ یاسمین اورچائلڈ پروٹیکشن آفیسر ثمینہ قادر نے کی۔

ڈی ایس پی ٹریفک ممتاز صحرائی اور ٹریفک پولیس کے دیگر افسران بھی اس موقع پرموجود تھے۔گداگری کے خلاف اس آپریشن کے دوران بشیر نظامی (اسٹیشن چوک) کچہری بازار چوک،نڑوالا چوک،جناح کالونی چوک،زرعی یونیورسٹی چوک اور دیگر شاہرات وچوکوں سے مجموعی طورپر18گداگروں کو تحویل میں لیا گیا جن میں 10خواتین اورآٹھ مرد بھکاری شامل تھے جبکہ ان میں سے تین بچوں کو چائلڈپروٹیکشن بیورو کے حوالے کردیا گیا۔

(جاری ہے)

بشیر نظامی چوک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی ٹی او حسنین حیدر نے کہا کہ گداگری کی سماجی برائی کی روک تھام بے حد ضروری ہے کیونکہ اس منفی فعل سے نہ صرف جرائم کے خدشات درپیش ہیں بلکہ گداگر مختلف چوکوں میں شہریوں کو تنگ کرنے کے علاوہ ٹریفک کے بہائو میں بھی رکاوٹ پیدا کرتے ہیں جن کی وجہ سے حادثات بھی رونما ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس انسدادگراگری مہم میں محکمہ سماجی بہبود کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی اورمشترکہ آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ گداگروں کی حوصلہ شکنی کیلئے ٹریفک وارڈن کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ایم پی اے ڈاکٹرنجمہ افضل نے کہا کہ گداگری ہمارے معاشرے کا اہم سماجی مسئلہ ہے جس کے تدارک کے لئے حکومتی سطح پر متعدداقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ سرگودھا روڈ پر بائی پاس کے قریب‘‘بیگرزھوم‘‘قائم کیا جائے گا تاکہ مستحق بھکاریوں کی مستقل بحالی کے لئے فلاحی اقدامات کومنظم بنایا جاسکے۔سوشل ویلفیئر آفیسرریحانہ یاسمین نے بتایاکہ عادی اورباز نہ آنے والے بھکاریوں کیخلاف مقدمات درج کرائیں گے جبکہ آئندہ یہ پیشہ چھوڑنے کی یقین دہانی کرانے والوں کی اصلاح کرکے فارغ کردیا جائے گا۔