مقبوضہ کشمیر،حریت فورم کی بھارتی یوم جمہوریہ کی آمد پر خوف و دہشت کا ماحول پیدا کرنے کی مذمت

بھارت کو کشمیر میں یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے،یوم جمہوریہ منانے والے بھارتی حکمرانوں کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، مولانا عباس انصاری

پیر 22 جنوری 2018 19:11

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں میرواعظ عمرفاروق کی زیرقیادت حریت فورم نے بھارت کے یوم جمہوریہ کی آمد پربھارتی فورسز اور پولیس کی طرف سے پورے کشمیر میں خوف و دہشت اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے کولگام ، شوپیان اور پلوامہ اضلاع کے ریڈونی ، مونگاہامہ، تلونی، چک شادی مرگ، کاشو زینہ پورہ، گنہ پورہ ،بلہ پورہ اور دیگر علاقوںمیں محاصروں اور تلاشی کارروائیوں کے دوران 40 کے قریب رہائشی مکانوںاورمہاراج پورہ سوپو ر میں دارالعلوم کی توڑ پھوڑ کی ہے اور ایک درجن سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو تباہ کردیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کو اپنی جمہوریت کا جشن مناتے ہوئے کشمیری عوام کے بنیادی ، انسانی اور جمہوری حقوق کی بدترین پامالیوں کی پالیسی ترک کر نی چاہئے اور 70 سالہ تنازعہ کشمیر کے پر امن اور پائیدار حل کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کواپنا حق استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے حریت رہنما مختار احمد وازہ کو اسلام آباد کے شیرباغ تھانے میں مسلسل نظربند رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے ہی کئی عارضوں میں مبتلا ہیں اور انہیں فوری علاج کی ضرورت ہے ۔

دریںاثناء اتحاد المسلمین کے سرپرست ا ور سینئر حریت رہنمامولانا عباس انصاری نے کہا ہے کہ بھارت کو کشمیر میں یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ انہوں نے ایک بیان میںکہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں جاری نسل کشی اور ظلم و بربریت اس کی نام نہاد جمہوریت پر بدنما دھباہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 جنوری کو یوم جمہوریہ منانے والے بھارتی حکمرانوں کے ہاتھ معصوم کشمیری عوام کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کے حکمران ایک طرف کشمیر میں انسانی حقوق پامال کررہے ہیں اور دوسری طرف نام نہاد جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :