Live Updates

عمران خان کا مقصد ریاست سے غداری ، اب کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے، سینیٹر مشاہد اللہ خان

چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے حلف اور پاکستان سے غداری کی ،آئندہ عام انتخابات میں ان کو پتہ لگ جائیگا،شیخ رشید یکم فروری کے بعد استعفیٰ دینا چاہتے ہیں تاکہ ضمنی انتخابات نہ ہو سکیں، پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو

پیر 22 جنوری 2018 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد الله خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا مقصد ریاست سے غداری ہے، اب کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے حلف اور پاکستان سے غداری کی ،آئندہ عام انتخابات میں ان کو پتہ لگ جائیگا،انہوں نے پارلیمنٹ پر نہیں پہلے اپنے اوپر پھر اپنے ایم این ایز، ایم پی ایز، سینیٹرز اور پھر اپنے ووٹرز پر لعنت بھیجی، شیخ رشید نے یکم فروری کے بعد استعفیٰ دینا چاہتے ہیں تاکہ ضمنی انتخابات نہ ہو سکیں۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ عمران خان کے صادق و امین ہونے کے نشانات برطانیہ اور بنی گالہ میں پائے جاتے ہیں جس طریقہ سے انہوں نے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی اسی طرح انہوں نے پہلے اپنے اوپر، پھر اپنے ایم این ایز، ایم پی ایز، سینیٹرز اور پھر اپنے ووٹرز پر لعنت بھیجی جنہوں نے ووٹ دے کر ان کو اسمبلیوں میں بھیجا ہے اب یہ کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مقصد ریاست سے غداری ہے، ریاست تین ستون کا مجموعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک پارلیمنٹرین اور شہری کی حیثیت سے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے پر عمران خان کو شرم آنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے حلف اور پاکستان سے غداری کی ہے، ان کو آئندہ عام انتخابات میں پتہ لگ جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شیخ رشید نے ایک مرتبہ پہلے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا مگر استعفیٰ نہیں آیا، وہ یکم فروری کے بعد استعفیٰ دینا چاہتے ہیں تاکہ ان کے حلقہ میں ضمنی انتخابات نہ ہو سکیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات