زینب قوم کی بیٹی تھی، واقعہ پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہئے، ایسے واقعات میں جو بھی ملوث ہو گا اسے سرعام لٹکائینگے، سینیٹر رحمن ملک

قصور بچوں سے زیادتی کا حب بن چکا ہے، وہاں سیف سٹی منصوبہ لگایا جائے، صحافیوں سے گفتگو

پیر 22 جنوری 2018 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء و سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ زینب قوم کی بیٹی تھی، واقعہ پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہئے، ایسے واقعات میں جو بھی ملوث ہو گا اس کو سرعام لٹکائینگے، کمیٹی کو اگر وزیراعلیٰ پنجاب اور خیبرپختونخوا کو بھی بلانا پڑا تو بلائینگے، قصور بچوں سے زیادتی کا حب بن چکا ، وہاں سیف سٹی منصوبہ لگایا جائے۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر قصور میں قتل ہونیوالی معصوم بچی زینب کے والدین کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ زینب قوم کی بیٹی تھی، یہ قومی مسئلہ ہے اس پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی کمیٹی کو پنجاب پولیس نے پوری تفصیل دی ہے جس پر کمیٹی کے ممبران کو تسلی نہیں ہوئی، قصور میں 8 واقعات ہوئے جن میں زینب کا واقعہ بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈی این اے رپورٹ کے مطابق ایک ہی بندے کی کارروائی ہے، قصور میں مدثر نامی ملزم پکڑا گیا، اس پر الزام ہے کہ اس نے بچی کے ساتھ زیادتی کی ہے وہ بندہ مقابلہ میں مارا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ قصور اس وقت بچوں سے زیادتی کا حب بن چکا ہے، وہاں سیف سٹی منصوبہ لگایا جائے، زینب کے واقعہ کو نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات میں جو بھی ملوث ہو گا اس کو سرعام لٹکائیں گے، اس معاملہ کو سیاسی نہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس والے اچھا کام کر رہے ہیں، کمیٹی کو اگر وزیراعلیٰ پنجاب اور خیبرپختونخوا کو بھی بلانا پڑا تو بلائیں گے۔