گورنر سندھ محمد زبیر سے آسٹریا کی سفیر ڈاکٹر بریجیٹا بلاہا کی ملاقات

پاک آسٹریا باہمی تجارت،صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں ،مختلف شعبوں میں مزید تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال آسٹریا کے سرمایہ کار شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کریں ، گورنر سندھ،آسٹریا کا تعاون جاری رہے گا ، سفیر ڈاکٹر بریجیٹا بلاہا

پیر 22 جنوری 2018 18:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے آسٹریا کی سفیر ڈاکٹر بریجیٹا بلاہا Blaha Dr.Brigitta نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک آسٹریا باہمی تجارت،صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کلیدی کردار ،مختلف شعبوں میں مزید تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت سازگار ہیں،آسٹریا کے سرمایہ کار بھی ان مواقعوں سے فائدہ اٴْٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ پاک آسٹریا اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد پاکستان کے لئے ٹریول ایڈوائزری پر بھی نظر ثانی کی ضرورت ہے،سی پیک حقیقی معنوں میں پاکستان سمیت پورے خطہ کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے جس سے خطہ میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد بھی ملے اس ضمن میں آسٹریا کے سرمایہ کار سی پیک منصوبہ میں بھرپور شرکت یقینی بنا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک آسٹریا دو طرفہ تعلقات وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ نئی جہت حاصل کررہے ہیں اس ضمن میں دو طرفہ سرمایہ کاری ، تجارت اور وفود کے تبادلے اہم ثابت ہورہے ہیں ، پاک آسٹریا تعلقات کے استحکام اور مضبوطی کے سفیر ڈاکٹر بریجیٹا بلاہا اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آسٹریاسے مزید مستحکم تعلقات کا خواہاں ہے اس ضمن میں سرمایہ کاری ، تجارت اور وفود کے تبادلوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

ملاقات میں آسٹریا کی سفیر ڈاکٹر بریجیٹا بلاہا نے گورنر سندھ کو بتایا کہ کراچی بے پناہ استعداد کا حامل شہر ہے امن و امان کے قیام سے شہر سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل اہمیت اور کشش رکھتا ہے اس ضمن میں آسٹریا کے سرمایہ کار شہر کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک معاشی خوشحالی کا منصوبہ ہے جس سے پاکستان معاشی لحاظ سے مضبوط اور مستحکم ہو گا جو کہ خطہ کے وسیع تر مفاد میں ہے اس ضمن میں آسٹریا بھی مستحکم اور مضبوط پاکستان کے لئے اپنا تعاون جاری رکھے گا ۔

متعلقہ عنوان :