گورنر سندھ محمد زبیر سے میئر کراچی وسیم اخترکی گورنر ہائوس میں ملاقات

کراچی ترقیاتی پیکج ، عوامی فلاح وبہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال شہر کی ترقی کیلئے وفاق کا ہر ممکن تعاون کرے گا، گورنر سندھ، بھرپو ر تعاون کو شہری قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، میئر کراچی

پیر 22 جنوری 2018 18:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے میئر کراچی وسیم اختر نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں جاری ترقیاتی منصوبوں، کراچی ترقیاتی پیکج ،کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی ، عوامی فلاح وبہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ اور اقتصادی حب ہے شہر کی ترقی سے پورے ملک کی ترقی و خوشحالی مضمر ہے اس ضمن میں وفاق شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہا ہے ، کراچی ترقیاتی پیکج شہر کے انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی ، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے ، سماجی شعبہ کی ترقی اور شہر کے مکینوں کا معیار زندگی بھی بلندکرنے میں اہم ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے کراچی میٹر و کارپوریشن شہریوں کو جدید اور معیار ی سہولیات کی فراہمی میں فعال کردار ادا کررہی ہے ، وفاق کے تحت کراچی میں جاری گرین لائن ، پینے کے صاف پانی کا منصوبہ K-IV اور لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل سے عوام کو زبردست سہولیات حاصل ہونگی ، گرین لائن جدید سفری سہولت کا معیا ری ، سستا اور آرام دہ منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے شہر کے ایک بڑے حصہ کے مکینوں کو جدید دور کی سفری سہولت حاصل ہوگی ، لیاری ایکسپریس وے مکمل کرلیا گیا جس کا عنقریب وزیر اعظم پاکستان افتتاح کرینگے اس منصوبہ سے شہر کے مختلف حصوں سے ٹریفک کے اژدھام کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی جبکہ پینے کے صاف پانی کا منصوبہ K-IV سے شہریوں کو اضافی پانی فراہم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ترقیاتی پیکج میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے نجی شعبہ کی نامور شخصیات پر مشتمل ایک مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے تاکہ عوام کے ایک ایک پیسہ کی نگرانی کو موئثر بنایا جا سکے ، کراچی ترقیاتی پیکج میں روڈ اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لئے 6.7 بلین روپے ، فائر ٹینڈر ، اسنارکل اور بائو زر کی خریداری کے لئے 1.5 بلین روپے رکھے گئے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ روڈ اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں تین فلائی اوورز کی تعمیر کی جائے گی جن میں سخی حسن ،فائیو اسٹار اور کے ڈی اے چورنگی شامل ہیں جبکہ منگھو پیر روڈ کی بحالی و ترقی کے لئے 2588 ملین روپے اور 6.7 کلومیٹر نشتر روڈ کی بحالی و ترقی کے لئے 860 ملین روپے رکھے گئے ہیں ۔ گورنر محمد زبیر نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد شہر میں ترقیاتی منصوبے وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عوام کو آپریشن کے ثمرات پہنچائے جا سکیں اس ضمن میں وفاق نے 25 ارب روپے کے کراچی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ہے اس سے قبل وفاق کے تعاون سے 50 ارب روپے سے منصوبے تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں اس طرح وفاقی حکومت شہر ترقی و خوشحالی کے لئے 75 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو منی پاکستان بھی کہا جاتا ہے ، صنعتی ، تجارتی ، اقتصادی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالہ سے یہ شہر منفرد اہمیت رکھتا ہے ، امن و امان کے قیام کے بعد ایک بار پھر شہر کی روشنیاں تیزی سے بحال ہو رہی ہیں ،شہر میں معاشی ، اقتصادی ،صنعتی، سماجی ، ادبی ، ثقافتی اور دیگر سرگرمیوں میں روز بروز اضافہ بھی دیکھا جا رہاہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتمادبحال ہونے سے شہر میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے، نجی سیکٹر کے فعال کردار سے بے روزگاری اور غربت کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے اس ضمن میں شہر کے انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبو د کے ترقیاتی منصوبوں کی شدید ضرورت محسوس کی جا رہی تھی چونکہ مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے پھیلتے شہر کے مسائل میں اضافہ بھی فطری عمل ہے اس لئے شہریوں کو آمد ورفت میں شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن کراچی ترقیاتی پیکج سے شروع کئے جانے والے منصوبوں کی تکمیل سے عوام کے معیار زندگی میں بہتری یقینی ہے ۔

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ وفاقی حکومت شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے ، کراچی ترقیاتی پیکج میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبے تشکیل دیئے گئے ہیں جن کی تکمیل سے عوام کو سہولیات حاصل ہونگی ، کراچی کے شہری وفاق کی بھرپور دلچسپی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :