اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے فیڈریشن کے عہدیداران کے اعزاز میں عشائیہ

کاروباری سرگرمیوں کے بہتر فروغ کیلئے حکومت ٹیکس ریٹ کو کم کر کے دس فیصد سے نیچے لائے، غضنفر بلور

پیر 22 جنوری 2018 18:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے صدر غضنفر بلور نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری سرگرمیوں کے بہتر فروغ کیلئے حکومت آئندہ بجٹ میں ٹیکس ریٹ کو کم کر کے دس فیصد سے نیچے لائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک عشائیے میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈریشن کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں کیا۔

عشائیے میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور چیئرمین افتخار علی ملک سمیت راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، وہاڑی اور کوئٹہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان اور مقامی تاجر برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

غضنفر بلور نے کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے فنانس، ریونیو اور اقتصادی امو رمفتاح ٰ اسماعیل ٹیکس ریونیو کو بہتر کرنے کیلئے نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانا چاہتے ہیں جو قابل ستائش ہے کیونکہ بہتر حکمت عملی یہی ہے کہ حکومت موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کیلئے کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جلد ہی ایک نئی ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا اعلان کرنے جا رہی ہے تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذکورہ سکیم across the boardہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ریفنڈز کی ادائیگی کے معاملے کو بھی حکومت کے ساتھ اٹھایا گیا ہے اور حکومت ریفنڈز کی ایک پالیسی لا رہی ہے جس کے تحت ریفنڈز متعلقہ لوگوں کے اکائونٹ میں جایا کریں گے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک کے تحت بننے والے اسپیشل اکنامک زونز پورے پاکستان میں بنائے جائیں تا کہ ملک میں سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن جلد ہی پورے ملک کے چیمبروں اور ایسوسی ایشنوں کا ایک اجلاس بلائے گی تا کہ تاجر برادری کے مسائل کو جان کر ان کے حل کیلئے ایک متفقہ حکمت عملی وضع کر کے حکومت کو پیش کی جا سکے۔ انہوں نے خطے میں تاجر برادری کے مفادات کو فروغ دینے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کوششوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کے فیڈریشن اس خطے کی صنعت و تجارت کودرپیش مسائل حل کرانے میں آئی سی سی آئی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے فیڈریشن کے نومنتخب عہدیداران کو الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی تاجر برادری کے مفادات کے بہتر تحفظ کیلئے موثر کوششیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو اس وقت معتدد چیلنجز کا سامنا ہے کیونکہ ہماری برآمدات میں کمی واقع ہوئی ہے، تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر بھی کم ہوئے ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فیڈریشن حکومت کے ساتھ مل کر ان چیلنجز کا بہتر حل تلاش کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن ملک کے تمام چیمبروں اور ایسوسی ایشنوں کی مشاورت سے تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے متفقہ تجاویز حکومت کو ارسال کرے۔ انہوں نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، چیئرمین افتخار علی ملک اور گروپ کے تمام اراکین کو فیڈریشن کے انتخابات میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ یو بی جی ملک کی تاجر برادری کے مفادات کے بہتر فروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید نے فیڈریشن کے نئے عہدیدارن اور یو بی جی کی قیادت کو شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔ یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، چیئرمین افتخار علی ملک، زبیر احمد ملک، خالد جاوید اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :