شعبہ طب سے وابستہ افراد دکھی انسانیت کی خدمت کو نصب العین بنائیں،ا علی تعلیمی اداروں میں تحقیق پر خصوصی توجہ دی جائے،گورنر خیبرپختونخوا

پیر 22 جنوری 2018 18:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء) گورنر خیبرپختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہاہے کہ شعبہ طب سے وابستہ افراد دکھی انسانیت کی خدمت کواپنی زندگی کانصب العین بنائیں اور ملک وقوم کی ترقی میں اپنا حقیقی کردارادا کریں، جامعات علم وآگہی اورتحقیق کے گہوارے ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ اعلی تعلیمی اداروں میں تحقیق پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وہ گزشتہ روز خیبر میڈیکل کالج کے کانووکیشن کے موقع پربحیثیت مہما ن خصوصی خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر صوبائی وزیرصحت شہرام خان ترکئی جوکہ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلربھی ہیں ،خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرارشد جاوید، کالج کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر نورالایمان ، فیکلٹی اراکین، گریجویٹس کے والدین اورطلباء وطالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنرنے مختلف شعبوں کی500گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کیں جبکہ 29 طلباء وطالبات کو طب کے شعبے میں اعلی کارکردگی دکھانے پرگولڈ میڈلزدیے گئے، تقریب سے صوبائی وزیرصحت نے بھی خطاب کیا۔گورنرنے جوکہ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں،یہ امر بھی واضح کیا کہ شعبہ طب سے وابستہ افراد کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت اور ملکی ترقی کیلئے مشنری جذبے کے ساتھ کردار اداکرناہوگا۔

انہوں نے کہاکہ کانووکیشن کسی بھی طالب علم کی زندگی کاسب سے اہم موقع ہوتاہے جس میں اسے اپنی تعلیمی محنت کاصلہ ڈگری کی صورت میں ملتاہے۔گورنر نے کامیاب گریجویٹس ، ان کے والدین اور بالخصوص گولڈ میڈلز حاصل کرنے والے گریجویٹس کومبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی یہ فارغ التحصیل ہونیوالے ڈاکٹر نہ صرف اپنی شبانہ روز محنت اورعلم وتحقیق کاسلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیںگے بلکہ اپنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت سے دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کو بھی اپنی زندگی کانصب العین بنائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ جن گریجویٹس کوڈگریوں سے نوازاگیاہے ان پر معاشرے کو درپیش طبی مسائل سے عہدہ برآ ہونے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ لہٰذا ہم بجا طورپر توقع کرسکتے ہیں کہ انہوںنے کے ایم یو سے علم وتحقیق کی جودولت حاصل کی ہے وہ اسے دکھی انسانیت کے علاج معالجے اور خدمت کے لئے بروئے کارلائیںگے۔گورنرنے اس موقع پر کالج کیلئے 1ملین روپے کا اعلان بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :