زینب قوم کی بیٹی تھی، واقعہ پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہئے، قصور بچوں سے زیادتی کا حب بن چکا ہے، وہاں سیف سٹی منصوبہ لگایا جائے، سینیٹر رحمن ملک

پیر 22 جنوری 2018 18:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ زینب قوم کی بیٹی تھی، اس واقعہ پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہئے، کمیٹی کو اگر وزیراعلیٰ پنجاب اور خیبرپختونخوا کو بھی بلانا پڑا تو بلائیں گے، قصور اس وقت بچوں سے زیادتی کا حب بن چکا ہے، وہاں سیف سٹی منصوبہ لگایا جائے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر قصور میں قتل ہونے والے معصوم بچی زینب کے والدین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ زینب قوم کی بیٹی تھی، یہ قومی مسئلہ ہے اس پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ سینٹ کی کمیٹی کو پنجاب پولیس نے پوری تفصیل دی ہے جس پر کمیٹی کے ممبران کو تسلی نہیں ہوئی، قصور میں 8 واقعات ہوئے جن میں زینب کا واقعہ بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈی این اے رپورٹ کے مطابق ایک ہی بندے کی کارروائی ہے، قصور میں مدثر نامی ملزم پکڑا گیا، اس پر الزام ہے کہ اس نے بچی کے ساتھ زیادتی کی، وہ بندہ مقابلہ میں مارا گیا، قصور اس وقت بچوں سے زیادتی کا حب بن چکا ہے، وہاں سیف سٹی منصوبہ لگایا جائے، زینب کے واقعہ کو نہیں بھولیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات میں جو بھی ملوث ہو گا اس کو سرعام لٹکائیں گے، اس معاملہ کو سیاسی نہ بنایا جائے۔ سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ پولیس والے اچھا کام کر رہے ہیں، کمیٹی کو اگر وزیراعلیٰ پنجاب اور خیبرپختونخوا کو بھی بلانا پڑا تو بلائیں گے۔