وزیر مملکت غالب خان سے جنوبی و شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے خاصہ دار فورس وفد کی ملاقات

پیر 22 جنوری 2018 18:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) وزیر مملکت برائے سیفران غالب خان سے جنوبی و شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے خاصہ دار فورس کے وفد نے پیر کو یہاں وزارت سیفران میں ملاقات کی۔ ملاقات میں خاصہ دار فورس کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت سے خاصہ دار فورس کے وفد نے 6 ماہ سے بند تنخواہیں جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ خاصہ دار فورس نے فاٹا کی سیکورٹی میں بہت اچھا کردار ادا کیا۔ وزیر مملکت نے متعلقہ حکام کو جون کے مہینے تک خاصہ دار فورس کے بند اکائونٹ کھولنے کی ہدایت کی۔ وزیر مملکت نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے جبکہ پولیس کی طرح خاصہ دار فورس کو بھی مراعات دی جائیں گی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ خاصہ دار فورس کی تنخواہیں جون تک ادا نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔