قانون کی بالا دستی کیلئے پولیس اور بار کا باہمی تعاون ناگزیر ہے، مجید خان مروت

پیر 22 جنوری 2018 18:31

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) کوہاٹ کے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ قانون و انصاف کی بالا دستی کیلئے پولیس اور بار کا باہمی تعاون بے حد ناگزیر ہے‘عدالتوں میں مقدمات کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور مظلوم کی داد رسی کیلئے وکلاء برادری کا کردار ہمیشہ سے مسلمہ رہا ہے‘عدلیہ کے وقار کو بلند رکھنے کیلئے ہمیں مشترکہ ذمہ داریوں کا تعین کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہاٹ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پرضلعی بار روم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میںڈی ایس پی سٹی رضا محمد،ڈی ایس پی لیگل اسحاق گل،ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن کے صدر جاویدمحمد پنجی ایڈووکیٹ،ممبر صوبائی بار کونسل فواد حسین ایڈووکیٹ، سابق صدر بار ایسوسی ایشن عماد اعظم ایڈووکیٹ،شعیب محمد ایڈووکیٹ،فیض محمدخان ایڈووکیٹ،طارق خٹک ایڈووکیٹ، امان بنگش ایڈووکیٹ،ملک حمید خان ایڈووکیٹ اور دیگر ممتاز قانون دانوں اور بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے علاوہ وکلاء برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران وکلاء برادری نے شہر کے ٹریفک نظام میں مثبت تبدیلی پیدا کرنے،موٹر سائیکل کی ون ویلنگ اور شہر میںپیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کاروائی عمل میں لانے، ٹریفک کے بڑھتے ہوئے رش پر کنٹرول حاصل کرنے کی خاطر تمام گاڑیوں کو رجسٹریشن ورک پرمٹ کے قانونی دائرے میں لانے اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میں پولیس ریکارڈ کی بروقت فراہمی میں وکلاء برادری کیساتھ تعاون یقینی بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

تقریب کے دوران وکلاء برادری کی طرف سے سامنے آنیوالی تجاویز پر فوری عملدارآمد یقینی بنانے کے سلسلے میں اپنی بھر پور دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے عباس مجید خان مروت نے کہا کہ ٹریفک مسائل کے مئوثر حل کیلئے ٹریفک مینجمنٹ اور ٹریفک انجینئرنگ پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیںاور اس سلسلے میںعسکری و سول انتظامیہ اور ضلعی حکومت کیساتھ ملکر مشترکہ اقدامات کی خاطر لائحہ عمل طے کیا جارہا ہے۔

ڈی پی او نے واضح کیا کہ موٹر سائیکل کی ون ویلنگ،ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے اور کمسن ڈرائیوروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کیلئے پولیس کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں جبکہ شہر میں پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کیلئے مئوثر اقدمات عمل میں لائے جائیں گے۔ ضلعی پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ پولیس کیساتھ وابستہ عدالتی امور کو بالواسطہ طور پر نمٹانے کیلئے ڈی ایف سی عہدے تک کے تمام متعلقہ پولیس افسران کوانکی ذمہ داریوں کی رو سے جاب ڈسکرپشنز جاری کردئیے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :