وسائل کے درست استعمال سے معیشت کو مضبوط بنا یا جا سکتا ہے، اقبال ظفر جھگڑا

پیر 22 جنوری 2018 18:31

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) گورنر خیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اور فاٹا میں امن وامان بحال ہوچکا ہے اور پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، قبائلی علاقہ جات سے نقل مکانی کرنے والے قبائل اپنے آبائی علاقوں میں واپس آچکے ہیں اور تعمیرنو اور بحالی سمیت ان کے مستقبل کے حوالے سے بھی اہم فیصلے ہورہے ہیں ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پیر کے روز خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی نومنتخب کابینہ کے عہدیداروں کے اعزاز میںدیے گئے ظہرانے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ تقریب میں خیبرپختونخواچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدرزاہداللہ شنواری، یونائیٹڈبزنس گروپ کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر، یونائیٹڈبزنس گروپ کے چیئرمین افتخارعلی ،سینیٹرالیاس احمدبلور، ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب صدر غضنفربلور اورتاجربرادری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ حکومت کی مخلصانہ کوششوں کے نتیجے میں سی پیک منصوبہ شروع کیا گیا ہے اور اس سے ملک میں بے روزگاری کے مسئلے پر قابوپایاجاسکے گا ، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اوردیرپابنیادوں پر ملک کی خوشحالی اور استحکام ممکن ہوسکے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ اگرہم بحیثیت قوم دستیاب وسائل کا احسن طریقے سے استعمال ممکن بنانے میں کامیاب ہوجائیں تو نہ صرف خیبر پختونخوا اور فاٹا بلکہ پورے ملک کی معیشت کو مضبوط بنا یا جا سکتا ہے۔

گورنرنے اس موقع پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزآف کامرس اینڈانڈسٹری کے نومنتخب صدر غضنفربلور اور دیگرعہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور اپنی جانب سے ادارے کے ساتھ ہرمیدان میںمکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بزنس کمیونٹی نے غضنفربلور پر جس اعتماد کااظہارکیاہے وہ اس پرپورا اتریں گے۔