Live Updates

عمران خان کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے، انہوں نے پارلیمنٹ پر نہیں پہلے اپنے اوپر، پھر اپنے ایم این ایز، ایم پی ایز، سینیٹرز اور اپنے ووٹرز پر لعنت بھیجی، شیخ رشید نے پہلے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا، وہ یکم فروری کے بعد استعفیٰ دینا چاہتے ہیں تاکہ ضمنی انتخابات نہ ہو سکیں

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد الله خان کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 22 جنوری 2018 18:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد الله خان نے کہا ہے کہ عمران خان کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے، انہوں نے پارلیمنٹ پر نہیں پہلے اپنے اوپر پھر اپنے ایم این ایز، ایم پی ایز، سینیٹرز اور پھر اپنے ووٹرز پر لعنت بھیجی، شیخ رشید نے پہلے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا اب وہ یکم فروری کے بعد استعفیٰ دینا چاہتے ہیں تاکہ ضمنی انتخابات نہ ہو سکیں۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے صادق و امین ہونے کے نشانات برطانیہ اور بنی گالہ میں پائے جاتے ہیں۔ جس طریقہ سے انہوں نے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی اسی طرح انہوں نے پہلے اپنے اوپر، پھر اپنے ایم این ایز، ایم پی ایز، سینیٹرز اور پھر اپنے ووٹرز پر لعنت بھیجی جنہوں نے ووٹ دے کر ان کو اسمبلیوں میں بھیجا ہے اب یہ کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے، عمران خان کا مقصد ریاست سے غداری ہے، ریاست تین ستون کا مجموعہ ہے، ایک پارلیمنٹیرین اور شہری کی حیثیت سے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے پر ان کو شرم کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے حلف اور پاکستان سے غداری کی ہے، ان کو آئندہ عام انتخابات میں پتہ لگ جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شیخ رشید نے ایک مرتبہ پہلے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا مگر استعفیٰ نہیں آیا، وہ یکم فروری کے بعد استعفیٰ دینا چاہتے ہیں تاکہ ان کے حلقہ میں ضمنی انتخابات نہ ہو سکیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات