وفاقی وزیر ریلوے راولپنڈی کوہاٹ ایکسپریس ٹرین کا افتتاح(کل )کریں گے

پیر 22 جنوری 2018 18:01

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق راولپنڈی کوہاٹ ایکسپریس ٹرین کا افتتاح (کل ) بدھ کو کریں گے ۔ڈویژنل کمرشل آفیسر ریلوے راولپنڈی ڈویژن رضا علی حبیب نے پیر کو ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ پاکستان ریلوے نے راولپنڈی کوہاٹ ایکسپریس ٹرین کودوبارہ چلانے کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ راولپنڈی کوہاٹ ایکسپریس کو دوبارہ چلانے کے لیے ریلوے لائن کی مرمت و بحالی کے ساتھ ساتھ راولپنڈی اور پشاور ڈویژنز میں چار ریلوے اسٹیشنز کی بحالی کا کام بھی مکمل کیا جا چکا ہے ۔رضا علی حبیب نے اے پی پی کو بتایاکہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق 24جنوری کو کوہاٹ اسٹیشن پر راولپنڈی کوہاٹ ایکسپریس ٹرین کا باقاعدہ افتتاح کریں گے جس کے اگلے روز 25جنوری سے راولپنڈی کوہاٹ ایکسپریس ٹرین اپنے باقاعدہ سفر کا آؔغا زکرے گی ۔

(جاری ہے)

راولپنڈی کوہاٹ ریل کار کی بحالی پر 502ملین روپے کی لاگت آئی ۔ذرائع نے اے پی پی کو مزید بتایاکہ راولپنڈی کوہاٹ ایکسپریس ٹرین 2013میں بند کی گئی تھی ۔ٹرین کی بندش کے بعد پاکستان ریلوے نے علاقہ کے عوام کو سستے سفر کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ٹرین کی دوبارہ بحالی کا فیصلہ کیا تھا ۔راولپنڈی کوہاٹ ایکسپریس ٹرین میں 400مسافروں کی گنجائش ہے ۔

راولپنڈی کوہاٹ ایکسپریس ٹرین مالی عدم استحکام کے باعث دو شہروں کے مابین بند کی گئی تھی ۔حالیہ عرصہ میں پاکستان ریلوے کی مالی پوزیشن کے بتدریج مستحکم ہونے کے پیش نظر چند دیگر ٹرینوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ راولپنڈی کوہاٹ ایکسپریس ٹرین کی بحالی کا بھی فیصلی کیا گیاتھا ۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی کوہاٹ ایکسپریس ٹرین کو دوبارہ چلانے کا اعلان سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کوہاٹ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیاتھا جس کے بعد اس کی بحالی کے اقدامات شروع کر دیئے گئے تھے ۔راولپنڈی کوہاٹ ایکسپریس ٹرین راولپنڈی سے بذریعہ گولڑہ شریف ،فتح جنگ ،بسال اور جنڈ اسٹیشنز سے ہوتی ہوئی ساڑھے تین گھنٹوں میں راولپنڈی سے کوہاٹ پہنچے گی ۔

متعلقہ عنوان :