ْ اسلام آباد ہائی کورٹ، ایگزیکٹ کے خلاف ایف آئی اے کی اپیل پر سماعت ماہ فروری تک ملتوی

پیر 22 جنوری 2018 17:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایگزیکٹ کے خلاف ایف آئی اے کی اپیل پر سماعت ماہ فروری تک ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس اطہر من اللہ نے ایگزیکٹ کے خلاف ایف آئی اے کی اپیل پر سماعت کی۔ سماعت میں ڈپٹی اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس کا از خود نوٹس لے رکھا ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کی مداخلت کے پیش نظر ہائی کورٹ میں اس کیس کی سماعت روکی جائے۔ جس پر وکیل ایگزیکٹ نے جوابی دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بے بنیاد پروپیگنڈے کا نوٹس لیا ہے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم نامے کی کاپی فراہم کی جائے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ عدالتی حکم نامے کی کاپی ابھی دستیاب نہیں ہے جلد ہی کاپی عدالت کو فراہم کردی جائے گی۔ عدالت نے کیس کی سماعت فروری تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ اپیل میں ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے ایگزیکٹ کے مالک شعیب شیخ کی بریت کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔