وفاقی حکومت نے اندھیروں کو روشنیوں میں اور دہشت گردی کو امن و سلامتی میں بدلا،سینیٹر مشاہد اللہ

نیا پاکستان بنانے والوں کے پاس کچھ نہیں ،لاہوریوںنے ان کو اصل چہرہ دکھادیا ،سینیٹ سمیت اگلے انتخابات بھی جیتیں گے ،وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی مخالفین نے ساڑھے چار سال میں سوائے گالی گلوچ ،بہتان تراشی اور دھرنوں کے کوئی کام نہیں کیا،مسلم لیگ لیبر ونگ کے وفد سے ملاقات میں بات چیت

پیر 22 جنوری 2018 17:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سنیٹرمشاہداللہ خان نے کہاہے مسلم لیگ (ن) کی موجودہ وفاقی حکومت نے اندھیروں کو روشنیوں میں اور دہشت گردی کو امن و سلامتی میں بدلا، مسلم لیگ (ن) نہ صرف سینٹ میں اکثریت لے گی بلکہ آئندہ عام انتخابات بھی جیتے گی، نیا پاکستان بنانے والوں کے پاس کچھ نہیں ،لاہوریوںنے ان کو اصل چہرہ دکھادیا ہے اب انہیں سیاست چھوڑ کر کوئی اور کام کر لینا چاہیے، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ محنت کشوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے ۔

مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتی ہے تو کارخانے چلتے ہیں اور لوگوں کو روزگار ملتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سندھ مسلم لیگ ہائوس کارساز میں پاکستان مسلم لیگ (ن)لیبر ونگ سندھ کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینٹرسلیم ضیاء،نائب صدر مسلم لیگ(ن)سندھ علی اکبرگجراورکراچی ڈویژن کے صدرسید منور رضابھی موجود تھے ۔وفد میں لیبرونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری عبدالرحیم اعوان ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری صابر شاہ ،صدر کراچی ڈویژن ڈاکٹراکرم ملک ،جنرل سیکرٹری ارشد شاہ ،نائب صدر محبوب الٰہی ،ضلع کورنگی کے صدر ہارون خٹک اور کراچی ڈویژن کے میڈیا کوآرڈی نیٹرعبدالحمید بٹ سمیت دیگربھی شامل تھے۔

سنیٹرمشاہداللہ خان نے کہاکہ سینٹ اور آئندہ عام انتخابات وقت پر ہوں گے، ہمیں کوئی ڈر نہیں، ڈر ان کو ہے جو سازش کر رہے ہیں۔ کرپشن پر بھاشن دینے سے قبل ملک کو اندھیروں میں ڈبونے والے ماضی کے ان حکمرانوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے،ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کے ذمہ دار یہی حکمران تھے، جنہوں نے ذاتی لالچ ، کرپشن اور حرص کے ذریعے منصوبوں میں جان بوجھ کر تاخیر کی اور ملک میں اندھیروں کا راج رہا۔

انہوں نے کہاکہ مخالفین جتنی چاہیں سازشیں کرلیں اور نادیدہ قوتوں کے مہرے بن جائیں کامیاب نہیں ہوں گے،انہیںملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی،ملک میں جاری ترقیاتی کاموں کی وجہ سے ن لیگ کی قیادت کی مقبولیت میں اضافے سے یہ خوفزدہ ہیںاور انہیں2018ء میں اپنی شکست نظر آ رہی ہے۔سینٹرمشاہداللہ خان نے کہاکہ مخالفین نے ساڑھے چار سال میں سوائے گالی گلوچ ،بہتان تراشی اور دھرنوں کے کوئی کام نہیں کیا اس کے برعکس مسلم لیگ (ن) نے اقدار اور عوامی خدمت کی سیاست کی ہے، پارلیمنٹ پر لعنت ملامت کرنے والے لیڈر کاطرز عمل جمہوری روایات کے منافی ہے اوران عناصر نے پارلیمنٹ کے آئینی ادارے کی توہین کی ہے۔

یہ وہ عناصر ہیں جنہوںنے دھرنے دے کرملک و قوم کے مسائل میں ا ضافہ کیا۔انہوں نے کہا کہ 2018ء ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا سال ہوگا، اور ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے سے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا خواب پورا ہو جائیگا۔ بعض نام نہاد سیاستدان غیروں کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے سی پیک کے خلاف برسر پیکار رہے ہیں اور سیاسی انتشار پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں،لیکن وہ ناکام ہوں گے۔

پاکستان انشاء اللہ ترقی کرے گا اور دنیا پاکستان کی طرف معاشی بہتری کے لئے رخ کرے گی۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے مزدوروں کی کم از کم تنخواہ میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے ۔محنت کشوں کے بچوں کو تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ مسلم لیگ ن پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہے، مخالفین نے محمد نواز شریف کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کے علاوہ کوئی کام ذمہ داری سے نہیں کیا۔

متعلقہ عنوان :