مقبوضہ کشمیر، بھارت تنازعہ کشمیر کو حل کرانے میں کبھی سنجیدہ نہیںتھا، آسیہ اندرابی

کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوںکو ہرگزرائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، مقبوضہ علاقے کی موجودہ اقتصادی صورتحال کا ذمہ دار بھارت ہے،

پیر 22 جنوری 2018 17:12

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ بھارتی حکمران تنازعہ کشمیر کو حل کرانے کے لیے کبھی سنجیدہ نہیں تھے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہاکہ کشمیری عوام نے حصول آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کو ہرگزرائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے کی موجودہ اقتصادی صورتحال کے لیے بھارت ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران ہماری معیشت کو تباہ کرنا چاہتے ہیں اور وہ ہمارے وسائل کو لوٹ رہے ہیں۔ انہو ں نے گڈز اینڈ سروسز ٹیکس نے ہمارے کاروبار کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا ہڑتال کی کالوں سے ہمارے کاروبار پر اثر نہیں پڑ رہابلکہ کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے پابندیاں اور کرفیو ہمارے کاروبار کو متاثر کررہے ہیں۔

آسیہ اندرابی نے کہا کہ اگر ہم کچھ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں قربانیاں دینا پڑیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح جدوجہد مضبوط ہونی چاہیے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکمرانی کا توڑ کیا جاسکے۔ ایک اور سوال پر دختران ملت کی سربراہ نے کہاکہ بھارتی تحقیقاتی اداروں کی طرف سے مزاحمتی قیادت کے گھروں پر چھاپوں اور بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے سے لوگوں پر تھوڑا بہت اثر تو ہوتا ہے لیکن وہ جانتے ہیں کہ بھارت ان کا خیر خواہ نہیں ہے۔

انہو ںنے کہاکہ کشمیری عوام نے نام نہاد انتخابات کا بڑے پیمانے پر بائیکاٹ کیاہے اورجن لوگوں نے انتخابا ت میں حصہ بھی لیا وہ بھی بھارت کو اپنا ملک نہیں سمجھتے۔ ان لوگوںنے مقامی مسائل کو حل کرانے کے لیے انتخابات میں حصہ لیا لیکن بدقسمتی سے بھارت ان کی شرکت کو تنازعہ کشمیر پر ایک ریفرنڈم کے طورپر پیش کررہا ہے۔ انتخابات کے وقت بھی لوگ واضح طورپر کہہ رہے ہیں کہ وہ بجلی ، سڑک اور پانی وغیرہ کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں ۔

آسیہ اندرابی نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر ڈاکٹر محمد قاسم فکتو گزشتہ 25سال سے جیل میں ہیں اور میری شادی کو 27سال ہوگئے ہیں اور میں نے صرف 2سال اپنے شوہر کے ساتھ گزارے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ شوہر کے بغیر زندگی گزارنا بہت مشکل ہے اور یہ کسی بھی خاتون کیلئے مشکل ہے۔میں لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی کہ شوہر کے بغیر زندگی گزارتے ہوئے میں نے کتنی مشکلات کا سامنا کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :