گورنر رفیق رجوانہ، پرویز ملک و دیگر کی افتخار علی ملک کو مسلسل چھٹی مرتبہ سارک چیمبر آف کامرس کا نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

پیر 22 جنوری 2018 17:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) گورنر پنجاب محمد رفیق راجوانہ نے معروف کاروباری شخصیت افتخار علی ملک کو مسلسل چھٹی مرتبہ سارک چیمبر آف کامرس کا نائب صدر برائے پاکستان چیپٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جنوبی ایشیا اور خاص طور پر پاکستان میں صنعت و تجارت کی ترقی کے لئے اپنی صلاحیتوں کا بھر پور استعمال جاری رکھیں گے۔

پیر کے روز اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ افتخار علی ملک کا انتخاب اس ضمن میں خطہ کی کاروباری برادری کے لئے ان کی انتھک کوششوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے سارک چیمبر کے نائب صدر کے طور پر ان کے اقدامات ان کی کاروبار کے شعبے میں مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افتخار علی ملک کی کوششوں سے سارک ممالک کو قریب لانے اور رکن کے درمیان تجارت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل محمد پرویز ملک نے افتخار علی ملک سے ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے انہیں اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ افتخار علی ملک ایک کامیباب بزنس مین اور تاجر رہمناء ہیں جنہوں نے لاہور چیمبر اور ایف پی سی سی آئی کے صدر اور بانی چیئرمین پاک امریکہ بزنس کونسل و نائب صدر سارک چیمبر کے طور پرکاروباری برادری کی بے مثال خدمت کی ہے۔

پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان سارک ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے پوری طرح سے پر عزم ہے تاکہ بھارت سمیت جنوبی ایشیا کو اقتصادی طور پر زیادہ سے زیادہ مربوط علاقہ بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا دنیا میں انتہائی اہم اور متحرک خطہ ہے، لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ایک دوسرے پر کم انحصار اور باہمیکاروباری مراسم زیادہ نہ ہونے کی وجہ سے آپسی تجارت کل تجارت کا صرف 5 فیصد ہے جبکہ اس کے مقابلے میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن میں یہ شرح 25 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت سارک خطہ میں امن کی بحالی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے اور پاکستان چاہتا ہے کہ دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات باہمی احترام کے جذبے پر قائم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں تجارتی شراکت داری کو فروغ دیا جا رہا ہے اور تجارتی بلاکس قائم کئے جا رہے ہیں، لہذا ہمیں بھی خطے میں تجارت کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ ہمسایہ ملک بھی علاقائی امن و سلامتی کی خاطر اپنے رویے پر نظر ثانی کرے گا۔ یونائٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے بھی افتخار علی ملک کو مبارکباد دی اور کہا کہ افتخار علی ملک ایک ایماندار اور حقیقی محب وطن شخصیت ہیں جو کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ اور بیرون ملک پاکستان کا بہتر امیج پیش کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی متحرک قیادت میں سارک ممالک میں تجارت بہتر ہو گی اور اس سلسلے میں تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے بھی افتخار علی ملک کو مبارکباد پیش کی کہا کہ سارک کے رکن ممالک کے مابین علاقائی اقتصادی انضمام کے مقصد کا حصول ابھی منزل سے بہت دور ہے جس کے بغیر جنوبی ایشیائی اقتصادی یونین کا مقصد محض خواب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیرف لبرلائزیشن پروگرام کو تیز کرنے کی کوششوں اور مختلف شعبوں میں علاقائی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جس کیلئے تمام ممبر ممالک کی کمٹمنٹ ضروری ہے۔