تیونس اور پاکستان کا علم وادب اور فن وثقافت کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر اتفاق

علم وادب اور فنون لطیفہ کے شعبوں میں تیونس کی گہری دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہیں ،رواں سال کتاب میلے میں تیونس کے اہل علم کی کتب بھی شامل کی جائینگی،ْ عرفان صدیقی نیشنل بٴْک فائونڈیشن میں گوشہ ابن خلدون کے قیام پر مشکور ہیں،تیونس کے کسی بڑے علمی ادارے میں ’گوشہٴ اقبال‘ بنا کر خوشی ہو گی ،ْسفیر تیونس عادل العربی

پیر 22 جنوری 2018 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) پاکستان اورجمہوریہ تیونس نے علم وادب، فن وثقافت، آرکیالوجی و منتخب کتب کے تراجم سمیت فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر اتفاق کیاہے۔یہ اتفاق پیر کو وزیراعظم کے مشیرعرفان صدیقی اورجموریہ تیونس کے پاکستان میں سفیر عادل العربی کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔

عرفان صدیقی نے تیونس کے سفیر سے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں ہونے والی ملاقات کے دوران علم وادب اور فنون لطیفہ کے شعبوں میں تیونس کی گہری دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کتاب میلے میں تیونس کے اہل علم کی کتب بھی شامل کی جائیں گی۔انھوں نے کہا کہ نیشنل بٴْک فاؤنڈیشن کے زیراہتمام کتاب میلے میں تیونس کا بٴْک سٹال قائم ہونے سے ایک نئی مثبت روایت قائم ہوگی اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے پیش رفت سے علم دوستی میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

مشیروزیراعظم نے نیشنل بٴْک فائونڈیشن میں گوشہ ابن خلدون کے قیام میں تعاون پر تیونس کی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک میں گہرے روابط استوار ہیں جنہیں تعاون کی عملی صورت دینے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی تاریخ وادبی ورثہ ترکی میں قائم ارسیکا کے تعاون سے بین الاقوامی خطاطی نمائش کا اہتمام کرچکا ہے جس کے نہایت مثبت اثرات مرتب ہوئے ، اسی طرز پر تیونس کے ساتھ خطاطی، ادب وفنون لطیفہ کے مختلف شعبہ جات بشمول آرکیالوجی میں تعاون کے خواہاں ہیں۔

تیونس کے سفیر عادل العربی نے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی علمی وادبی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے گہری دلچسپی کو سراہتے ہوئے نیشنل بٴْک فائونڈیشن میں گوشہ ابن خلدون کے قیام پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تیونس کے کسی بڑے علمی ادارے میں ’’گوشہ اقبال‘‘ قائم کر کے ہمیں خوشی ہو گی۔ تیونس کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان اہل قلم کے باہمی دوروں کی پیشکش بھی کی۔

عادل العربی نے کہاکہ تیونس پاکستان کے علم وادب، فن وثقافت اور فنون لطیفہ کے مختلف شعبہ جات میں وسیع تر تعاون کا خواہاں ہے،قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے ساتھ شراکت داری سے تعاون کو فروغ دیں گے۔ بعدازاں تیونس کے سفیر نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ اسلام آباد میوزیم اور نیشنل لائبریری کا بھی دورہ کیا اور مختلف شعبے دیکھے اور وہاں رکھے فن پاروں اور کتب میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

متعلقہ عنوان :