آشیانہ اسکیم کرپشن کیس،شہباز شریف نے نیب کو بیان ریکارڈ کرا دیا ، وزیر اعلیٰ سے ڈیڑھ گھنٹے تک تفتیش

نیب کے تین ڈپٹی ڈائریکٹرز نے آشیانہ ہاسنگ اسکیم کی انتظامیہ کی جانب سے ٹھیکے منسوخ کرنے اور من پسند افراد کو دیئے جانے سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی

پیر 22 جنوری 2018 16:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے آشیانہ ہاسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن کے معاملے پر نیب کو بیان ریکارڈ کرادیا،نیب نے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے ڈیڑھ گھنٹے تفیش کی ۔ پیر کو وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے آشیانہ ہاسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن کے معاملے پر نیب کو بیان ریکارڈ کرادیا ہے شہبازشریف سے نیب کے تین ڈپٹی ڈائریکٹرز نے ڈیڑھ گھنٹے تک سوالات کیے جس میں ان سے آشیانہ ہاسنگ اسکیم کی انتظامیہ کی جانب سے ٹھیکے منسوخ کرنے اور من پسند افراد کو دیئے جانے سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی۔

یاد رہے وزیراعلی پنجاب کی رہائش گاہ پر نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر خاور الیاس کی جانب سے طلبی کا نوٹس بھجوایا گیا تھا۔نیب کی جانب سے نوٹس میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف نے پنجاب لینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مستحق ٹھیکیدارچوہدری لطیف کا ٹھیکہ منسوخ کرکے لاہور کاسا کو ٹھیکے سے نوازا، جس سے خزانے کو 19 کروڑ 30 لاکھ روپے نقصان پہنچا جب کہ آشیانہ اقبال کا ٹھیکہ ایل ڈی اے کو دینے سے قومی خزانے کو 71 کروڑ 50 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب نے کنسلٹنسی کی مد میں انجنیئرنگ سروس پنجاب کو 19 کروڑ 20لاکھ کی منظوری دی جبکہ نیسپاک نے کنسلٹنسی کا تخمینہ 3 کروڑ 50 لاکھ روپے لگایا تھا۔