Live Updates

پاکستان تحریک انصاف استعفے کے اعلان پر فوری عمل بھی کرے ،

ان کا مقصد استعفوں کے ذریعے نظام کو ڈی ریل کرنا ہے ، پاکستان پیپلزپارٹی جمہوری جماعت ہے، ہم نظام کو پٹڑی سے اترنے نہیںدیں گے تحریک انصاف نے پارلیمنٹ سے 11 کروڑ سے زائد تنخواہیں و مراعات لیں، عمران خان نے بھی 80 لاکھ لیے وہ واپس کریں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کی پارلیمنٹ ہائوس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت

پیر 22 جنوری 2018 16:21

پاکستان تحریک انصاف استعفے کے اعلان پر فوری عمل بھی کرے ،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) قومی اسملبی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے استعفے دینے کا جو اعلان کیا ہے اس پر فوری عمل درآمد بھی کرے ، ان کا مقصد استعفوں کے ذریعے نظام کو ڈی ریل کرنا ہے ، پاکستان پیپلزپارٹی جمہوری جماعت ہے، ہم نظام کو پٹڑی سے اترنے نہیںدیں گے ۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے استعفوں کے اعلان کے بعد فوری استعفے آ جانے چاہیے تھے کیونکہ ایک لیڈر نے کہہ دیا ہے تو فوری اس پر عمل بھی ہونا چاہئے ۔استعفیٰ کے اعلان کے بعد دنوں کا انتظار نہیں کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہاکہ استعفوں کی بات سسٹم کو ڈی ریل کرنے کے لیے کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے ،ہم نظام ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے پارلیمنٹ سے 11 کروڑ سے زائد تنخواہیں و مراعات لیں۔ عمران خان نے بھی 70 سے 80 لاکھ لیے وہ واپس کریں۔ استعفوں کے معاملے پر تحریک انصاف کے دوہرا معیار اختیار کررکھا ہے، پارلیمنٹ سے استعفیٰ تو آ سکتے ہیں مگر کے پی کا وزیراعلیٰ ہوشیارآدمی ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ انصاف کی بروقت اور فوری فراہمی کے لئے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ، سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد 35 کی جانی چاہیے۔ پنجاب ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 60 سے 80 جبکہ سندھ میں 45 تک ہونی چاہیے۔ انہوں نے راو انوار کی سرپرستی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہاکہ آصف علی زرداری راو انوار کی سرپرستی نہیں کر رہے۔ سرپرستی سے متعلق تمام خبریں غلط ہیں۔بے گناہ آدمی شہید ہواہے انصاف ملنا چاہیے۔رائو انوار تحقیقات میں پیش نہیں ہو گا تو عدالتی تحقیقات ہوں گی جس سے رائو انوار کی پریشانی میں اضافہ ہو گا۔ انہیں کو بھاگنے کی بجائے سامنا کرنا چاہیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات