آزاد کشمیر پبلک اکائونٹس کا اجلاس‘ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میر پور کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی

پیر 22 جنوری 2018 16:12

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء) آزاد کشمیر پبلک اکائونٹس کا اجلاس چیئر مین کمیٹی چوہدری محمد اسحاق کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں ممبران کمیٹی کرنل (ر) وقار احمد نُور، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی ایم ایل ایز سمیت متعلقہ محکمہ جات کے حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ڈویلپمنٹ اتھارٹی میر پور کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی۔

کمیٹی نے ورکنگ پیپر میں AIR شامل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا تاہم اجلاس کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی نے عدم وصولی ایجوکیشن سیس رقمی 6کروڑ کے ڈرافٹ پیرا جات پر سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ2007ء سے لاگو ہونے کے باوجود کیوں نہیں کاٹا گیا۔ جن آفیسران نے قانون کے ہوتے ہوئے ایجوکیشن سیس کی کٹوتی نہیں کی اُن کے خلاف محکمہ نے کیا اقدام کیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے مزید کہا کہ سب کے علم میں ہونے کے باوجود اس عمل پر کیوں آنکھیں بند رکھی گئیں۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ ذمہ داران کا تعین کرتے ہوئے کہ کس کس دور میں کون کون ذمہ دار ہے ڈیڑھ ماہ میں اس ضمن میں کمیٹی کورپورٹ پیش کی جائے۔ ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔Stamp duty نہ لگانے کے ضمن میں کمیٹی نے متعلقہ پیرا جات کو آج کے لیئے موخر کیا اور ہدایت کی کہ محکمہ آج اس ضمن میں تفصیل پیش کرے۔

محکمہ کا موقف کہ 2015ء سے موبلائزیشن ایڈوانس پر انکم ٹیکس کا ٹنا ضروری ہے۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ جس نوٹیفیکیشن کا آپ حوالہ دے رہے ہیں وہ شرح کو Revise کرنے کے بارہ میں ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ موبلازیشن ایڈوانس پر انکم ٹیکس پہلے ہی لاگو ہے اور اس بارہ میں پہلے سے نوٹیفکیشن جاری شُدہ ہے۔ عدم ادخال عاریتا" رقم سرکار9ملین روپے میں سے 26لاکھ بقایا جات پر محکمانہ موقف کہ حکومت کے ذمہ 60ملین روپے ہمارے تھے، کے سلسلہ میں3ماہ کے اندر محکمہ مالیات سے پڑتال کروانے کی کمیٹی نے ہدایت کی۔

کمیٹی نے محکمہ کو ہدایت کی کہ عدالتوں میں زیر کار معاملات پر موثر پیروی عمل میں لائی جائے۔جناح ماڈل ٹائون کے سلسلہ میں کمیٹی نے آج ڈائریکٹر احتساب بیورو کو کمیٹی کے اجلاس میں طلب کر لیا۔ کمیٹی نے ڈویلپنٹ اتھارٹی میرپور کی جانب سے انویسٹمنٹ کرنے کے ضمن میں جس کے تحت بینک میں فکسڈ ڈیپازٹ برائے ایک سال کیا گیا اور متعلقہ بینک سے طے کردہ شرح منافع سے کم وصولی پر سخت برہمی کا اظہار کیا کہ یہ کیسے ہو گیا کہ باقاعدہ معاہدہ ہوا اور معاہدے کی تکمیل پر 1کروڑ 36لاکھ روپے کی بجائی69لاکھ وصول کیئے گئے۔

کمیٹی نے اس ضمن میں آج مکمل تفصیل پیش کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے بیوٹیفیکیشن آف آصفہ بھٹو پارک میرپور و دیگر کے ضمن میں ہدایت کی کہ PC1کے ساتھ آج کمیٹی کو تفصیلا"بتایا جائے کہ وہاں کیا کیا کام کروایا گیا۔عدم تشہیر کے سلسلہ میں ڈرافٹ پیرا جات پر تفصیلات حاصل کرنے کے لیئے کمیٹی نے آج محکمہ اطلاعات کے متعلقین کو اجلاس میں طلب کیا ہے۔ چئیر مین کمیٹی نے سابق سپیکر و سابق سینئر وزیر آزاد حکومت صاحبزادہ محمداسحاق ظفر کی اہلیہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے باعث کمیٹی کا اجلاس جلدی ملتوی کر دیا۔ کمیٹی آج ڈویلپمنٹ اتھارٹی میرپور کے باقیماندہ ریکارڈ اور میونسپل کارپوریشن میرپور کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرے گی۔

متعلقہ عنوان :