قرآن کا ہندکو ترجمہ گندھارا ہندکو بورڈ کا عظیم کارنامہ ہے، مادری زبانیں معاشرہ کی عکاسی کرتی ہیں، وفاقی وزیر مذہبی امور

پیر 22 جنوری 2018 15:18

قرآن کا ہندکو ترجمہ گندھارا ہندکو بورڈ کا عظیم کارنامہ ہے، مادری زبانیں ..
مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ قرآن مجید کا ہندکو ترجمہ گندھارا ہندکو بورڈ کا عظیم کارنامہ ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، ہندکو زبان کے بولنے والے پاکستان کے ہر علاقہ میں موجود ہیں، ہمیں ہندکو کے فروغ کیلئے مزید بہتر انداز میں اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

وہ مانسہرہ میں گندھارا بورڈ کے زیراہتمام قرآن مجید کے ہندکو ترجمہ کی پذیرائی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے گندھارا بورڈ کے لوگوں نے مذہبی کتاب قرآن مجید کا ہندکو میں ترجمہ کرنے والے مترجم عبدالغفور ملک مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرحوم کا ایک عظیم کارنامہ تھا جو انہوں نے ایک عظیم کام کی جانب قدم اٹھایا۔

(جاری ہے)

سردار محمد یوسف نے مزید کہا کہ مادری زبانوں کی معاشرہ میں بڑی اہمیت ہوتی ہے جن کو ہمیں اجاگر کرنا ضروری ہے، پاکستان میں تمام بولی جانے والی مادری زبانیں ایک گلدستہ کی مانند ہیں، ہر علاقہ میں بولی جانے والی زبان اس معاشرہ کی عکاسی کرتی ہے، ہر مادری زبان لذت، مٹھاس اور خلوص سے بھری پڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گندھارا بورڈ کی ہندکو زبان کی ترویج کیلئے بے پناہ خدمات ہیں، ہندکو زبان کے بولنے والے پاکستان کے ہر علاقہ میں موجود ہیں، ہمیں ان کے اندر پیار و محبت سمیت اتحاد و یگانگت کیلئے ہندکو کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔