پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کے قریب ترین دوست ہیں،

ان کے رشتے کی گہرائی الفاظ میں بیان کرنی مشکل ہے، دونوں ملکوں کے درمیان پر خلوص دوستی مزید وسعت اختیار کرے گی صدر مملکت ممنون حسین کی دی بحریہ کے سربراہ سے بات چیت

پیر 22 جنوری 2018 15:08

پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کے قریب ترین دوست ہیں،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کے قریب ترین دوست ہیں جن کے رشتے کی گہرائی الفاظ میں بیان کرنی مشکل ہے،دونوں ملکوں کے درمیان پر خلوص دوستی مزید وسعت اختیار کرے گی۔ پیر کو صدر مملکت ممنون حسین نے سعودی شاہی بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغفیلی کو نشان امتیاز ملٹری عطا کر دیا، اعزاز عطا کرنے کی خصوصی تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی، سعودی سفیر نواف المالکی اور دیگر اعلی سول و فوجی حکام بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔

تقریب کے بعد صدر مملکت سے سعودی بحریہ کے سربراہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے سعودی بحریہ کے سربراہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کی حکومت ہی نہیں بلکہ عوام کے درمیان بھی انتہائی گہرے تعلقات ہیں جو اپنی صحت مندانہ سرگرمیوں کے ذریعے دونوں ملکوں کی معیشت کے استحکام میں اضافہ کر رہے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان یہ پر خلوص دوستی آنے والے دنوں میں مزید وسعت اختیار کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ پاک بحریہ اور سعودی شاہی بحریہ کسی بھی مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انھوں نے دونوں برادر ممالک کی بحریہ کے درمیان تعاون کی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے انتہائی دور رس اور مفید اثرات برآمد ہوں گے۔

صدر مملکت نے سعودی شاہ محمد بن سلطان کی قیادت میں سعودی عرب میں جاری ترقیاتی عمل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نگرانی میں تیار کیے گئے ترقیاتی منصوبے عوام کی فلاح و بہبود کا ذریعہ بنیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے تمام مسلمانوں کو بھائی قرار دیا ہے، خواہ وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں رہتے ہوں۔ انھوں نے کہا ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم کی ان تعلیمات پر ہر صور ت میں عمل کیا جائے کیونکہ مسلمانوں کی کامیابی کا راز اسی میں پوشیدہ ہے۔