عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے، حافظ حفیظ الرحمن

پیر 22 جنوری 2018 14:06

عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے، حافظ حفیظ الرحمن
گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق ہماری حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کررہی ہے، پہلی مرتبہ گلگت بلتستان کی تاریخ میں میگا منصوبے شروع کئے گئے ہیں، کینسر ہسپتال، کارڈک ہسپتال، ایم آئی آر مشین، سکردو روڈ جیسے میگا منصوبے صوبے کا انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے کام جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے مسلم لیگ (ن) حلقہ3کے سوشل میڈیا ونگ کے کارکنوں ، پارٹی عہدیداران اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان میں پہلے سے زیادہ متحد اور منظم ہے۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان میں بھی چند بیمار ذہن کے لوگ مسلم لیگ (ن )کی کارکردگی سے خوف زدہ ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چند بیمار ذہن کے لوگ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کی وجہ سے نفسیاتی مریض بن چکے ہیں، ان کو اپنی جماعت کا مستقبل نظر آرہا ہے ،پاکستان پیپلز پارٹی کبھی اقتدار میں نہیں آسکتی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ڈھائی سال کے مختصر مدت میں گلگت بلتستان کو امن کا گہوارہ بنایا، میرٹ کی بالادستی یقینی بنائی، عوام کی معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے، صوبے میں بڑے منصوبوں کا آغاز کیا جس کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں ترقی کی راہیں کھلیں گی۔