بیٹنگ پھر ناکام،ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ شکست کے بعد پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھی گرین شرٹس کو شکست

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں7وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی کیویز نی106رنز کا آسان ہدف15.5اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، منرو کی49 اوربروس کے 26رنز کولن منرو مین آف دی میچ قرار،دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹی ٹوئنٹی 25جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا

پیر 22 جنوری 2018 13:49

بیٹنگ پھر ناکام،ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ شکست کے بعد پہلے ٹی ٹوئنٹی ..
ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2018ء) نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کی شکستوں کا سلسلہ تھم نہ سکا ۔ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ شکست کے بعد پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھی گرین شرٹس کا شکست کا سامنا، بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے سبب نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹیمیچ میں7وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی،نیوزی لینڈ نی106رنز کا آسان ہدف15.5اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

کیویز کی جانب سے منرو49،بروس 26اور روس ٹیلر22رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے،کولن منرو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹی ٹوئنٹی 25جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔پیر کوویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور کیوی بالرز نے یہ فیصلہ درست ثابت کر دکھایا۔

(جاری ہے)

ایک موقع پر قومی ٹیم 38 رنز پر چھ کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی اور جب 53 کے اسکور پر فہیم اشرف کی شکل میں ساتویں وکٹ گری تو ایسا محسوس ہونے لگا کہ شاید قومی ٹیم ٹی20 میں اپنے سب سے کم اسکور 74 رنز کا ریکارڈ توڑ ڈالے گی تاہم حسن علی نے چند ہاتھ دکھا کر ٹیم کو اس خفت سے بچا لیا۔قومی ٹیم کے 9 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل ہونے میں بھی کامیاب نہیں ہوئے اور پاکستان کی جانب سے کامیاب بلے باز بابر اعظم رہے جنہوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 41 رنز بنائے جبکہ حسن علی نے جارحانہ طریقے سے کھیلتے ہوئے 3 چھکوں کی مدد سے 23 رنز اسکور کیے۔

کپتان سرفراز احمد اور حارث سہیل نے 9،9 رنز بنائے جبکہ، محمد نواز اور فہیم اشرف 7،7 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔پاکستان کی پوری ٹیم 20ویں اوور کی چوتھی گیند پر 105 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساتھی اور سیتھ رینز نے تین تین، مچل سینٹنر نے 2 جبکہ انارو کچن اور کولن منرو نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو رومان رئیس نے مارٹن گپٹل اور فلپس کو جلد پویلین لوٹا کر میزبان ٹیم کو آٹھ رنز پر دو وکٹوں سے محروم کر کے پاکستان کو میچ میں واپسی کا موقع فراہم کیا لیکن ناقص فیلڈنگ نے قومی ٹیم سے یہ موقع چھین لیا۔

کولن منرو اور ٹم بروس نے اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا اور جلد ہی پاکستان کو منرو کو آوٹ کرنے کا موقع میسر آیا لیکن عمر امین کیچ تھامنے میں ناکام رہے اور پاکستان نے میچ میں واپسی کا نادر موقع گنوا دیا۔بروس اور منرو نے دوسری وکٹ کیلئے 49 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا، بروس 26 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی وکٹ بنے۔

منرو نے روایتی انداز میں بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور روس ٹیلر کے ساتھ مل کر 25 گیندوں قبل ہی اپنی ٹیم کو ہدف تک رسائی دلا کر میچ میں سات وکٹ سے فتح دلا دی، منرو نے 49 اور روس ٹیلر نے 22 رنز بنائے۔اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ تین ٹی20 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔خیال رہے کہ اس قبل پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی 0-5 وائٹ واش ہوچکی ہے۔

متعلقہ عنوان :