بہترپیداوار کے حصول کیلئے آم کے بٹورکی بروقت کٹائی ضروری ہے، ما ہرین زراعت

پیر 22 جنوری 2018 11:52

قصور۔22جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) ماہرین زراعت نے کہاہے کہ گرم مرطوب پھلوں میں آم دوسرے نمبرپرآتاہے جو مختلف قسم کے وٹامن نمکیات اورقوت مدافعت پیداکرنیوالے عناصر کے خاص توسط سے شاندار خوشبوخوش ذائقہ اور اعلیٰ غذائی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین نے بتایا کہ زرعی اعدادوشمارکے مطابق سال 2015-16ء میں پاکستان میں آم کے باغات چارلاکھ30ہزار ایکڑرقبہ پر پھیلے ہوئے تھے جس سے 16لاکھ 58ہزار ٹن پیداوارحاصل کی گئی‘ اچھے معیار کے آم نہ صرف برآمد کیلئے موزوں ہیں بلکہ ہرسال بین الاقوامی تجارت میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں‘ اعلیٰ کوالٹی کے آم کی پیداوارکا دارومدارپودوں کی مناسب دیکھ بھال اور بیماریوں کی روک تھام پرہوتاہے۔

ان بیماریوں میں سے آم کا بٹوربہت اہم ہے‘ آم کے بٹور کو آم کا کوڑھ بھی کہاجاتاہے‘ آم کے پودوں پر دو قسم کا بٹوردیکھاگیاہے‘ ایک نباتاتی بٹور اور دوسرا پھول کا بٹورہے‘ اس کو بورکا بٹوربھی کہاجاتاہے۔ ماہرین کا کہناہے کہ آم کی بہترپیداوار کے حصول کیلئے بٹورکی بروقت کٹائی ضروری ہے۔