سورج مکھی کی بہاریہ کاشت فروری کے آخر تک کی جاسکتی ہے، زرعی ماہرین

پیر 22 جنوری 2018 11:52

قصور۔22جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء)ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کوہدایت کی ہے کہ سورج مکھی کا بیج تر وترحالت میں کاشت کیاجائے اوربیج کی گہرائی زیاد سے زیادہ 2 انچ رکھی جائے تاکہ اس کی بہتر نشوونما میں مددمل سکے۔ ماہرین کے مطابق اگرکھیلیوں پرسورج مکھی کابیج کاشت کرنا ہو تو کھیلیاں آلوکاشت کرنے والے رجر سے شرقاً و غرباً نکالی جائیں اور پہلے کھیلیوں میں پانی لگایاجائے اور پھرجہاں تک وترپہنچے اس سے تھوڑا اوپرخشک مٹی میں جنوب کی طرف بیج لگایاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ آج کل سورج مکھی کی بہاریہ کاشت کا عمل جاری ہے جسے اگلے ماہ فروری کے آخر تک کاشت کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ سورج مکھی کی شاندار پیداوارحاصل کرنے کیلئے اس کی صحیح وقت پرکاشت انتہائی ضروری ہے لہذا جس طرح پنجاب میں گندم‘ دھان‘ کپاس‘ گنے کی فصلات کامیابی سے کاشت کی جارہی ہیں، اسی طرح سورج مکھی کی فصل بھی انتہائی کامیابی سے کاشت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کاشتکار فصلات ربیع بالخصوص گندم کی فصل کسی بھی وجہ سے وقت پر کاشت نہ کرسکے ہوں تو وہ سورج مکھی کی کاشت سے خاطرخواہ آمد نی حاصل کرسکتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سورج مکھی کی فصل صرف بھاری میرا زمین میں ہی کاشت کی جاسکتی ہے۔