بے سہارا بچوں کی پرورش کرنے والے بالی ووڈ سٹارز

سشمتا سین‘روینہ ٹنڈن‘متھن چکرورتی‘سلیم خان اورسبھاش گھئی نے والدین ہونے کا حق ادا کردیا

پیر 22 جنوری 2018 11:50

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) بالی ووڈ کے متعدد سٹارز نے بے سہارا بچوں کی پرورش کر کے والدین ہونے کا حق ادا کر دیا ہے۔بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سشمتا سین نے طویل قانونی جنگ کے بعد اپنی پہلی بیٹی رینی کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا، اس وقت سشمتا کی عمر صرف 25 سال تھی۔ اس کے بعد سشمتا سین نے 2010ء میں علیشہ کو گود لیا۔

یہ دونوں بچیاں اس وقت سشمتا سین کے زیر سایہ ہی پرورش حاصل کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ روینہ ٹنڈن نے صرف 21 سال کی عمر میں آٹھ چھایا اور گیارہ سالہ پوجا کو گود لیا تھا۔ یہ دونوں بچیاں روینہ کی ایک کزن کی صاحبزادیاں ہیں جو مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔بالی ووڈ کے سینئر اداکار متھن چکرورتی نے کوڑے دان سے ایک بچی کو اٹھا کر اپنے خاندان کا حصہ بنایا اور اپنے حقیقی بچوں کی طرح پرورش کی۔

یہ لڑکی اب امریکا میں زیر تعلیم ہے۔بالی ووڈ کے معروف لکھاری اور سپر سٹار سلمان خان کے والد سلیم خان نے ارپیتا نامی ایک لڑکی کو گود لیا اور اپنی حقیقی بیٹیوں کی طرح اس کی پرورش کی۔انڈین فلم انڈسٹری کے معروف ڈائریکٹر سبھاش گھئی نے اپنی بھتیجی کو گود لے کر اس کی پرورش کے فرائض سرانجام دیئے۔