پیپلز موومنٹ کی ہیرانگر میں کم سن بچی کو زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کرنے کی شدید مذمّت

پیر 22 جنوری 2018 11:30

جموں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںجموںو کشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے جموں خطے میں ضلع کٹھوعہ کے علاقے ہیرا نگر میں کم سن بچی آصفہ کو زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کرنے کی شدید مذمّت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی پولیس اس معاملے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میر شاہد سلیم کی قیادت میں پیپلز مومنٹ کا ایک وفد مقتول آصفہ کے گھر گیا اور ان کے والدین اور دیگر لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

آٹھ سالہ آصفہ کو گزشتہ دنوں اغوا کرکے زیادتی کانشانہ بنایا گیا اور اس کے بعد قتل کرکے لاش جنگل میں پھینک دی گئی۔ میر شاہد سلیم نے اس موقع پر کہا کہ ریاست میں جب سے آر ایس ایس کی سرپرستی والی مخلوط کٹھ پتلی حکومت معرضِ وجود میں آئی ہے،جموں خطے میں فرقہ پرست عناصر مسلمانوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنارہے ہیں اور انہیں ہروقت خوف وہراس کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان فرقہ پرست عناصر کو کٹھ پتلی حکومت کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ ننھی آصفہ کی گمشدگی رپورٹ پر اگر بھارتی پولیس نے سنجیدگی سے کارروائی کی ہوتی تو اس معصوم کی زندگی کو شاید درندوں سے بچا یا جاسکتا۔ انہوں نے کہا بھارتی پولیس معصوم بچی کو تلاش کرنے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لیتی رہی اور یہ شرمناک سانحہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا اس واقعے سے پوری انسانیت شرمسار ہے اور اس کی جتنی مذمّت کی جائے کم ہے۔

متعلقہ عنوان :