آغا سید حسن کی بھارتی یوم جمہوریہ کی آمد پر بھارتی فورسز کی ظالمانہ کارروائیوں کی مذمت

پیر 22 جنوری 2018 11:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر میںسینئرحریت رہنما اورا نجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے بھارت کے یوم جمہوریہ کی آمد پر وادی کے طول وعرض میں بھارتی فورسز کی طرف سے تلاشی کاروائیوں، ناکہ بندیوں اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے یوم جمہوریہ پر کشمیری عوام کو ہمیشہ عذاب و عتاب اور مصائب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آغاسید حسن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ بھارت کو نام نہاد جمہوریت کا جشن مناتے ہوئے کشمیری عوام کے جمہوری حقوق کو پامال کرنے کی پالیسی ترک کرکے جمہوریت کی لاج رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کوتنازعہ کشمیر کے پٴْر امن حل کے حوالے سے کشمیریوں کا جمہوری فیصلہ تسلیم کرنا چاہئے جس کی ضمانت تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی منظور کردہ قراردادوں میں دی گئی ہے۔

آغا سید حسن نے پاک بھارت سرحد پر جاری کشیدگی اور ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی تنائوکسی بھی وقت خطرناک رخ اختیار کرکے باضابطہ جنگ کا باعث بن سکتا ہے اور دو جوہری ہمسائیوں کے درمیان جنگ جنوب ایشیائی خطے کیلئے ناقابل تصور تباہی کا موجب بن سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :