ملک کی قسمت جمہوریت کے ساتھ منسلک ہے‘ جمہوری نظام کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا‘ بعض عناصر جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

اتوار 21 جنوری 2018 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2018ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کی قسمت جمہوریت کے ساتھ منسلک ہے کیونکہ جمہوری نظام کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا لیکن بعض عناصر اسے ڈی ریل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے کیونکہ ہمارے ملک کے دشمن ہمیشہ اس کے خلاف سازشوں میں مصروف رہتے ہیں لیکن وہ اپنے مقاصد میں کسی صورت کامیاب نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے منظم کردہ متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کو پاکستان کی عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاوجہ کے احتجاجی مظاہروں نے ملکی معیشت سمیت ملک کے امیج کو بھی بہت نقصان پہنچا یا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر ملک کے سینیٹ کے انتخابات کے بروقت انعقاد میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اگر پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف نے صوبائی اسمبلیاں تحلیل کر کے ان لوگوں کا ساتھ دیا تو اس کا مطلب ہو گا کہ یہ دونوں جماعتیں بھی موجودہ حکومت کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک سے توانائی بحران کے خاتمے سمیت دہشت گردی کا بھی خاتمہ کیا اور کراچی سمیت ملک بھر کی امن و امان کی بہتر صورت حال کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے مثبت اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جن کی بدولت آج ملکی معیشت روز بروز مستحکم ہوتی جا رہی ہے جس کا اعتراف عالمی اعداد و شمار میں بھی کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے قبل از وقت انعقاد کا کوئی آپشن نہیں اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے اور تاریخ یہ ثابت کرے گی کہ ہماری قیادت کو گیم چینجر منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری شروع کرنے اور ملکی معیشت کو بہتر بنانے کی سزا دی گئی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک اور صوبے کی ساکھ کو متاثر کرنے کے لیے بلوچستان میں بھی سازش کی گئی جو عوام کے منتحب کردہ بلوچستان کے نمائندوں کے ساتھ مذاق ہے کہ وہاں پاکستان مسلم لیگ (ق) کی حکومت بنا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل کو رکنا نہیں چاہیئے کیونکہ جمہوری نظام ہی قومی مفاد میں سب سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔