میڈیا عوامی مسائل کواجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے حل میں رہنمائی بھی فراہم کرے،وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو

اتوار 21 جنوری 2018 23:10

کوئٹہ ۔21 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے میڈیا کے نمائندوں سے کہا ہے کہ وہ عوام کے مسائل اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے حل میں رہنمائی بھی مہیا کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز بلوچستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کونسل کے ایک وفدسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔جس نے کونسل کے صدر انور ساجد کی قیادت میں یہاںان سے ملاقات کی ،اور انھیں اخبارات سے 15فیصد ٹیکس کٹوتی اور فنڈز کی کمی سمیت اخبارات کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔

اس موقع پر سنیٹر مسلم لیگی رہنما رکن صوبائی اسمبلی میر جان محمدجمالی وزیر اعلی کے پولیٹیکل سیکرٹری سید اسلم شاہ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد طیب لہڑی اور ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ شہزادہ فرحت احمد زئی،شاہ زمان علیزئی مرکزی نائب صدرمسلم لیگ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے وفد کویقین دلایا کہ ان کی حکومت اخبارات کودرپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ۔

انھوں نے صوبائی سیکرٹری اطلاعات کوہدایت کی کہ 15 فیصد ٹیکس کٹوتی اور فنڈز کی کمی کے مسئلے کے حل کیلئے تجاویز پیش کریں۔وزیر اعلیٰ نے صوبہ کی ترقی اور عوام کے مسائل کی نشانداہی کے حوالے سے میڈیا کے کردار کو سر اہتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ میڈیا عوامی مسائل کواجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے حل میں رہنمائی بھی فراہم کرے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت مختصرعرصہ میں مسائل کے حل اور سمت کے تعین کیلئے پرہر ممکن اقدام کرے گی ۔اور اس سلسلے میں عوامی حلقوں خاص طور سے میڈیا کی جانب سے آنے والی صحت مند تنقید اور تجاویز کا ہمیشہ خیر مقد کرے گی۔

متعلقہ عنوان :