کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی اورعوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

اتوار 21 جنوری 2018 23:10

کوئٹہ ۔21 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے کہاہے کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی اورعوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزیر اعلیٰ ہائوس کے دروازے عوام کے لئے ہر وقت کھولے ہیں، کوشش ہے کہ کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کام کر کے عوام کی خدمت کرسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز آواران اور خضدار سے آئے ہوئے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی ذمہ داری ہر صورت پورا کریگی۔انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوامی نوعیت کے مسائل کے حل کے لئے کوششیں تیز کی جائیں تاکہ لوگوں کے مسائل جلد حل ہوسکے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنے پر یقین رکھتے ہیں ماضی کے برعکس تنقید کے بجائے زیادہ سے زیادہ کام کرناہمارا مقصد ہے اور ہماری ہر ممکن کوشش ہوگی کے صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں ترقی کے عمل کو ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں عوام کی خدمت کا جو موقع دیا ہے اس پر پورا اترنے کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لائیں گے اور سب کو ساتھ لیکر چلیںگے۔ وزیر اعلیٰ نے وفود کے مسائل سنے او ر ان کی جلد حل کی یقینی دہانی کرائی جس پروفود وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔