پیر سیال کے داتا دربار اجتماع نے تخت لاہور کو ہلا دیا ہے، حامد رضا

ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن کی منصوبہ بندی تیار کر لی ہے تحریک کے اگلے مرحلے میں دھرنے، لانگ مارچ، ہڑتال اور لاک ڈاؤن سمیت احتجاج کا ہر راستہ اختیار کریں گے، ہر روحانی آستانے پر ختم نبوت کانفرنس ہو گی، خواجہ حمید الدین سیالوی کشتیاں جلا کر میدان میں نکلے ہیں، استقبالیہ سے خطاب

اتوار 21 جنوری 2018 22:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پیر سیال کے داتا دربار اجتماع نے تخت لاہور کو ہلا دیا ہے۔ ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن کی منصوبہ بندی تیار کر لی ہے۔ حکومت ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھے۔ داتا دربار اجتماع سے عاشقان رسول کو ولولہ تازہ ملا ہے۔

تحریک کے اگلے مرحلے میں دھرنے، لانگ مارچ، ہڑتال اور لاک ڈاؤن سمیت احتجاج کا ہر راستہ اختیار کریں گے۔ ہر روحانی آستانے پر ختم نبوت کانفرنس ہو گی۔ خواجہ حمید الدین سیالوی کشتیاں جلا کر میدان میں نکلے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے داتا دربار کی ختم نبوت کانفرنس کے لئے کام کرنے والے کارکنان کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ختم نبوت سے غداری کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ ہم نے غلامی رسول میں جینے مرنے کا عہد کر رکھا ہے۔ ہزاروں مشائخ کا ن لیگ سے لاتعلقی اور آئندہ الیکشن میں ن لیگ کی مخالفت کا فیصلہ انتخابی سیاست میں اہم ثابت ہو گا۔ اہل سنت کی بیداری اور اتحاد انقلاب نظام مصطفے کا پیش خیمہ بنے گا۔

داتا دربار پر ہونے والی ختم نبوت کانفرنس میں ایک لاکھ سے زائد اہل حق کی شرکت نوید انقلاب ہے۔ تحریک ختم نبوت کا اگلا مرحلہ متکبر حکمرانوں کی عقل ٹھکانے لگا دے گا۔ ہماری محبت اور نفرت کا معیار صرف اور صرف اسلام اور پاکستان ہے۔ ہماری منزل پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا ہے۔ استقبالیہ سے مولانا محمد علی نقشبندی، مفتی حبیب قادری، راؤ حسیب احمد، مفتی مقیم خان، پیر معاذ المصطفے قادری، حاجی رانا شرافت علی قادری اور دیگر نے خطاب کیا۔