آئندہ عام انتخابات میں عمدہ ترقیاتی کارکردگی کی بدولت بھر پور کامیابی حاصل کریں گے،رانا ثناء الله خاں

کراچی لاہور موٹر وے پر ستیانہ کے قریب انٹر چینج کے قیام کے لئے بھر پور اقدامات کریں گے کیونکہ یہ علاقہ کی ہی نہیں بلکہ ضلع فیصل آباد کی بھی ضرورت ہے،صوبائی وزیر قانون

اتوار 21 جنوری 2018 22:41

�یصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2018ء) حکومت کی طرف سے ترقیاتی عمل پورے عزم و جذبے سے جاری ہے اور آئندہ عام انتخابات میں عمدہ ترقیاتی کارکردگی کی بدولت بھر پور کامیابی حاصل کریں گے ۔ کراچی لاہور موٹر وے پر ستیانہ کے قریب انٹر چینج کے قیام کے لئے بھر پور اقدامات کریں گے کیونکہ یہ علاقہ کی ہی نہیں بلکہ ضلع فیصل آباد کی بھی ضرورت ہے ۔

مسلم لیگ ( ن ) کے قائد میاں محمد نواز شریف 27 جنوری کو جڑانوالہ کا دورہ کریں گے ۔ ضلع کے عوام ان کا فقید المثال استقبال کریں گے کیونکہ وہ میاں محمد نواز شریف سے جذبات لگائو رکھتے ہیںوزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی منظوری کے تحت 92 کروڑ روپے کی لاگت سے ستیانہ کی دو اہم سڑکوں کی تعمیر نو کی جائے گی جن کی تعمیر کے کام کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم این اے چوہدری عاصم نذیر ‘ ارکان صوبائی اسمبلی رائے عثمان کھرل‘ رانا شعیب ادریس ‘ چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر ‘وائس چیئرمین ضلع کونسل خالد پرویز ورک ‘رانا ذوالفقار خاں ‘ رائے فیاض حسین کھرل‘سابق ایم پی اے اعجاز حسین کھرل مختلف یونین کونسلز کے چیئرمین ‘ وائس چیئرمین ‘کونسلرز و دیگر عمائدین علاقہ اور یوتھ ونگ سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکن موجود تھے ۔

صوبائی وزیر قانون کو ایک بڑے جلوس کی شکل میں سڑکوں کی تعمیر کاسنگ بنیاد رکھنے کے لئے لایا گیا اور پارٹی کارکنوں نے مسلم لیگی قائدین میاں محمد نواز شریف‘ میاں محمد شہباز شریف اور رانا ثناء الله خاں کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ۔انہوں نے ستیانہ میں اہم سڑکوں کی تعمیر و دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے 50 کروڑ روپے کی لاگت سے 24 کلو میٹر ستیانہ جھامرہ کارپٹ روڈ اور 42 کروڑ روپے کی لاگت سے ستیانہ جڑانوالہ کارپٹ روڈ کے منصوبوںکی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تختی کی نقاب کشائی کی جن کا پہلا مرحلہ 31 مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا ۔ بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق دیہی و شہری علاقوں کی یکساں ترقی موجودہ پنجاب حکومت کی ترقیاتی پالیسیوں کا محور ہے اور زندگی کی تمام تر بنیادی سہولتیں دیہی عوام کی دہلیز تک پہنچائی جارہی ہیں تاکہ وہ بھی ترقی کے ثمرات سے کما حقہ مستفید ہوسکیں ۔

انہوںنے بتایا کہ 30 کروڑ روپے کے فنڈز سے جڑانوالہ کھرڑیانوالہ روڈ کی تعمیر کا کام بھی آئندہ دو ہفتوں کے اندر شروع ہو جائے گاجبکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جڑانوالہ میں 200 بیڈز کی توسیع کے منصوبے کی منظوری دے کر ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کر دئیے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ خادم پنجاب رورل روڈز پروگرام کے تحت اربوں روپے کے فنڈز سے صوبہ بھر کے دیہی علاقوں میں ہزاروں کلو میٹر خوبصورت اور پائیدار سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے جن کی بدولت نہ صرف کھیت سے منڈیوں تک زرعی پیداوار لے جانے بلکہ تعلیم و صحت سمیت دیگر بنیادی سہولتوں تک دیہی عوام کی آسان رسائی ممکن ہو رہی ہے ۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام ملکی تاریخ میں پہلی بار شروع کرکے دیہات میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو صاف کیا جارہا ہے اور دیہاتوں میں صفائی کے مستقل نظام کی ترویج ایک مثالی اور تاریخی قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کا بھر پور تحفظ کیا جارہا ہے اس سلسلے میں تمام تر انتظامی و قانونی وسائل کو بروئے کار لا کر گنے کی مقررہ قیمتوں کی ادائیگی کو یقینی بنارہے ہیں اور خلاف ورزی کی مرتکب شوگر ملز انتظامیہ کی گرفتاری سے بھی گریز نہیں کیا جارہا ۔

انہوں نے ضلع فیصل آباد کے دیہی علاقوں کی ترقی میں ضلع کونسل کے بہترین و فعال کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے فنڈز خرچ کئے جارہے ہیں ۔ایم این اے چوہدری عاصم نذیر نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی دلچسپی سے دیہی علاقوں میں ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے اور لوگوں کے مسائل تیزی سے حل ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگی قائد و سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی خصوصی منظوری سے ان کے حلقہ کے 200 سے زائد دیہاتوں میں سوئی گیس کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے ۔چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے دورہ فیصل آباد کے موقع پر ضلع کونسل کی طرف سے دیہی ترقی کے لئے پیش کئے گئے مطالبات کی منظوری کے بعد ان پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے ۔

انہوں نے لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکج اور خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کو حکومت پنجاب کا سنہری کارنامہ قرار دیا ۔تقریب سے ارکان صوبائی اسمبلی رائے عثمان کھرل ‘ رانا شعیب ادریس‘ وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری خالد پرویز ورک اور سابق ایم پی اے اعجاز حسین کھرل نے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں کی ستیانہ آمد اور سڑکوں کے اہم منصوبوں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔