پیپلز پارٹی جمہوریت کی بحالی اور مضبوطی چاہتی ہے، وزیراعظم چیلنج کر رہے ہیں ،قمر زمان کائرہ

آج اگر اپوزیشن اسمبلی سے استعفیٰ دے دے تو شام کو پوری حکومت گھر چلی جائے،نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 21 جنوری 2018 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2018ء) رہنماء پاکستان پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کی بحالی اور مضبوطی چاہتی ہے۔ وزیراعظم چیلنج کر رہے ہیں آج اگر اپوزیشن اسمبلی سے استعفیٰ دے دے تو شام کو پوری حکومت گھر چلی جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی چیلنج کر رہے ہیں کہ اگر کسی میں ہمت ہے تو اسمبلیاں توڑ کر دکھائے یا تحریک عدم اعتماد لائے۔

پیپلز پارٹی جمہوریت پسند پارٹی ہے۔ وزیراعظم کہتے ہیں تو ان کا چیلنج قبول کرلیتے ہیں۔ اگر آج اپوزیشن اسمبلی سے استعفیٰ دے دے تو شام کو پوری حکومت گھر چلی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی خود کو وزیراعظم تسلیم نہیں کرتے نواز شریف کو وزیراعظم تسلیم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کے جمہوریت اور سیاست کے حوالے سے حالیہ بیانات حوصلہ افزاء ہیں تاہم بینظیر قتل کیس کا فیصلہ آج تک نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کیس میں نظرثانی کی اپیل پر سماعت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کہتا ہے کہ کوئی قانون خلاف شریعت نہیں ہوگا۔ پاکستان میں نظام شریعت کی کئی تحریکیں چلیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ پاکستان مذہبی ریاست ہوگا۔ انہوں نے کال روڈ لاہور پر اپوزیشن جلسے کا حوالہ دیتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنماء نے کہا کہ جلسے میں آصف علی زرداری کے خطاب کے دوران شرکاء کی ایک بڑی تعداد موجود تھی تاہم آصف علی زرداری کی روانگی کے بعد لوگوں کی تعداد کم رہ گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کی غیر جمہوری طاقت کا ساتھ نہیں دے سکتے۔