پاکستان کی 70 سالہ تاریخ بتا رہی ہے یہاں پر نہ صرف ہر درخت کے پیچھے بلکہ گھاس میں بھی بھوت چھپے ہوئے ہیں، احسن اقبال

یہاں پھونک پھونک کر قدم رکھنے کی ضرورت ہے، سندھ اور خیبرپختونخواہ اسمبلیاں سینٹ الیکشن سے قبل توڑ دی گئیں تو سیاسی ٹولے کی سازش کھل کر سامنے آجائے گی،نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 21 جنوری 2018 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2018ء) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ بتا رہی ہے کہ یہاں پر نہ صرف ہر درخت کے پیچھے بلکہ گھاس میں بھی بھوت چھپے ہوئے ہیں یہاں پھونک پھونک کر قدم رکھنے کی ضرورت ہے اگر سندھ اور خیبرپختونخواہ اسمبلیاں سینٹ الیکشن سے قبل توڑ دی گئیں تو سیاسی ٹولے کی سازش کھل کر سامنے آجائے گی۔

اتوار کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ سازشیں نہ ہو رہی ہوتیں تو پاکستان آج کوریا اور ملائشیا سے آگے ہوتا 70 سال کی تاریخ بتا رہی ہے کہ یہاں پر درخت کے پیچھے ہی نہیں، گھاس کے اندر بھی بھوت چھپے نہیں ہمیں پھونک پھونک کر قدم رکھنے کی ضرورت ہے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کئی بار بیان دیا کہ وہ جمہوریت کے حامی ہیں، اگر آرمی چیف یہ بیان بھی دے دیں کہ میں پاکستان میں دوسری بار جمہوری حکومت کی مدت پوری ہونے پر مبارک باد دیتا ہوں تو وہ لوگ جو روزانہ سپریم کورٹ رجسٹرار اور آرمی کے نام نہاد ترجمان بنے ہوتے ہیں ان کی دکانیں خود ہی بند ہو جئیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے سینٹ الیکشن سے قبل اپنے صوبوں میں اسمبلیاں توڑ دیں تو ان کی سازش کھل کر سامنے آجائے گی۔ اگر سینٹ الیکشن ہوگئے توعام انتخابات بھی وقت پر ہوں گے اور پاکستان کی تاریخ میں جمغہوری حکومت دوسری بار اپنی مدت پوری کرے گی، جو جمہوریت کے لیے خوشی کنی ثابت ہوگا۔